کراچی (نیوز رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے آزادی مارچ کے دوران ہنگامہ آرائی اور دہشت گردی کے مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف کے اراکین صوبائی اسمبلی کی ضمانت کی درخواست منظور کرلی۔سندھ ہائی کورٹ نے جمعہ کو تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان، جمال صدیقی، فردوس شمیم نقوی، ارسلان تاج بلال غفار اورعزیز جی جی کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو تحریک انصاف کے اراکین صوبائی اسمبلی کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔عدالت نے پانچوں اراکین اسمبلی کو7 روز میں ٹرائل کورٹ میں پیش ہونے کا حکم دیا اور 30،30 ہزار روپے مچلکے جمع کرانے کا حکم بھی دیا۔اراکین اسمبلی کی جانب سے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ احتجاج ہر پاکستانی کا آئینی حق ہے اور پولیس کی جانب سے اراکین اسمبلی کے خلاف انسداد دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمات درج کئے گئے۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ سندھ پولیس گرفتار کرنا چاہتی ہے اور اس لئے گرفتاری سے روکا جائے۔درخواست میں اراکین اسمبلی نے ٹرائل کورٹ میں پیش ہوکرالزامات کا سامنا کرنے کی پیش کش بھی کی۔واضح رہے کہ کراچی میں حالیہ احتجاج کے دوران تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کے خلاف سولجر بازاراور فیروز آباد تھانے میں مقدمات درج کیے گئے تھے۔اراکین اسمبلی کیخلاف انسداد دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔