کراچی(سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اور بھارت کیخلاف اچھا کھیلنے کیلئے پر عزم ہیں۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ تاریخی ہوتا ہے، پوری دنیا پاکستان بھارت میچ کو دیکھتی ہے، بھارت کے خلاف میچ سے ہم بھی بہت لطف اندوز ہوتے ہیں۔ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں اس مرتبہ بھی بھارت کے خلاف اچھی کرکٹ کھیلیں گے، ہمارے ہاتھ میں کوشش ہے، جو ہم بھارت کے خلاف کریں گے۔اس سال ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اکتوبر نومبر میں آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا، 23 اکتوبر کو روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان بڑا ٹاکرا تاریخی میلبورن کرکٹ گرائونڈ میں ہوگا۔گزشتہ برس دبئی میں کھیلے جانے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ پاکستان نے بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر آئوٹ کلاس کیا تھا۔کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا میں ہونیوالے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں اچھا کھیلنے کا یقین ہے، کنڈیشنز مختلف ضرور ہیں، لیکن پاکستان کیلئے مشکل نہیں ہو گی۔ پاکستان آسٹریلیا کی کنڈیشنز کو جانتا ہے کہ وہاں کیسی کرکٹ کھیلنی ہے اور کیسے کامیاب ہونا ہے۔ ہم نے آسٹریلیا میں پازیٹو کرکٹ کھیلنا ہے، اس پر کام ہو رہا ہے، دبئی میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں مختلف کرکٹ کھیلنے کے عزم کیساتھ گئے، سب ٹیمیں مقابلے کے آتی ہیں، ہم بھی مقابلے کے یقین کیساتھ گئے، ہمارا بس یہ تھا کہ مقابلہ کرنا ہے، مختلف اور پازیٹو کرکٹ کھیلنا ہے۔ اچھا کھیلنے کا یقین ہونا چاہیے، نتائج بھی مل جاتے ہیں، دبئی میں مختلف اور پازیٹو کرکٹ کھیلی سب نے سراہا۔