حکومت بل منظور کراکر چلتی بنی اپوزیشن شور مچاتی رہی

حکومت نے قومی اسمبلی کے بعد سینٹ سے بھی الیکشن ترمیمی بل 2022 منظور کروا لیا ہے۔ ایوان بالا میں پاکستان تحریک انصاف کے ارکان نے ہنگامہ کیا‘ لیکن حکومت بل منظور کروا کر چلتی بنی اور اپوزیشن ارکان شور مچاتے رہے۔ اگرچہ مخلوط حکومت کی جانب سے قومی اسمبلی کے ایوان میں قوم کو سستا حج کروانے کی خوشخبری ضرور سنائی گئی ہے تاہم رات کے اندھیرے میں گرائے گئے پٹرول بم پر کسی بھی حکومتی اتحادی جماعت کے رکن کو لب کشائی کی توفیق نہیں ہوئی، اگرچہ جماعت اسلامی کے رکن مولانا عبدالاکبر چترالی نے مخلوط حکومت کو غیرت دلانے کی بھرپور کوشش کی تاہم ایوان میں ان کی آواز پر کسی نے کان نہیں دھرے جبکہ جے یو آئی کے وفاقی وزیر نے حسب روایت عمران خان اور پی ٹی آئی پر الزام تراشی جاری رکھی۔ جمعہ کو قومی اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹہ گیارہ منٹ کی تاخیر کے بعد ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم کی صدارت میں شروع ہوا تو ڈپٹی سپیکر نے سندھ پولیس کی جانب سے لکھا گیا خط ایوان میں پڑھ کر سنایا۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ عطاءاللہ کو سندھ پولیس نے24 مئی کو گرفتار کیا تھا۔ ایوان میں خطاب کے دوران وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ختم ہو چکی ہے، سابق حکومت کی نحوست نے پاکستان ہی نہیں، پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لئے رکھا، ان کے دور میں مکہ اور مدینہ کے دروازے تک بند ہوگئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میرے عربی بولنے پر سعودی حکام نے مجھے کہا کہ آپ کی تقریر نے تو عربوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو نام نہاد ریاست مدینہ کا نام لیتے تھے انہوں نے تو مدینہ کے دروازے ہی پاکستانیوں پر بند کروا دیئے تھے۔
پارلیمنٹ ڈائری

ای پیپر دی نیشن