ریاست پر حملہ کرنے والے کو سزا دی جاتی، مذاکرات نہیں کئے جاتے : مریم اورنگزیب 

May 28, 2023


 اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان مذاکرات کی نہیں این آر او کی اپیل کررہے ہیں۔وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے بیان میں کہا کہ ریاست پہ حملہ کرنے والے کو سزا دی جاتی ہے مذاکرات نہیں کئے جاتے۔ عمران خان کی جانب سے مذاکرات کی نہیں این آر او کی اپیل کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا 60 ارب کا ڈاکا ڈالنے والے غیر ملکی ایجنٹ اور توشہ خانہ چور سے مذاکرات نہیں ہوتے بلکہ اسے قانون کے کٹہرے میں لایا جاتا ہے۔ ایمبولسنز،ہسپتال، سکول جلانے،ملک میں فساد، توڑپھوڑ اور انتشار پھیلا کراور نوجوانوں کے ذہنوں میں زہر انڈیل کر اب کہتے ہو کہ مذاکرات کرنے ہیں؟ ملک میں انتشار پھیلانےاور مسلح جتھے بنانے والے سے بات چیت نہیں ہو سکتی۔وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والوں سے مذاکرات کرنا شہدا کی بے حرمتی ہے۔ ریت کی طرح جماعت بکھر جانے کے بعد مذاکرات یاد آگئے۔ جہازوں میں لوگوں کو بھر کر لانے اور پٹے پہنا پہنا کرپی ٹی آئی بنائی گئی تھی۔ جو جماعتیں سیاسی نہیں ہوتیں وہ اسی طرح بکھر جاتی ہیں۔
مریم اورنگزیب

مزیدخبریں