لندن + اسلام آباد (عارف چودھری + خبر نگار) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان تحریک انصاف سے مذاکرات سے انکار کردیا۔ اپنی ٹوئٹ میں نواز شریف کا کہنا تھاکہ بات چیت صرف سیاستدانوں سے کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کی یادگاروں کو جلانے والے، ملک کو آگ لگانے والے دہشت گردوں اور تخریب کاروں کے گروہ سے کسی قسم کی کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔ یہ بات نواز شریف نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے حکومت کے ساتھ مذاکرات کیلئے 7 رکنی کمیٹی کا اعلان کرنے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہی ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن )لندن کے قائدین کی یوم تکبیر کے حوالے سے پارٹی قائدسابق وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کیساتھ ملاقات ہوئی لیگی قائدین نے 28مئی کو ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کیلئے عظیم کارنامہ سرانجام دینے پر میاں محمدنواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن لندن کے قائدین زکی جاویدعباسی، اقبال سندھو اور دیگر نے یوم تکبیر کے موقع پر قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا ہے لندن آفس میں میاں نواز شریف کے ساتھ ملاقات میں لیگی قائدین نے اپنے قائد کی ملک وقوم کیلئے گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 28مئی یوم تکبیر پاکستان کی تاریخ کا روشن باب ہے۔ بھارت کے جواب میں ایٹمی دھماکے انکا ناقابل فراموش کارنامہ ہے۔
بات چیت سیاستدانوں سے ہوتی ہے، ملک جلانے والے دہشت گرد سے نہیں : نواز شریف
May 28, 2023