فیروز والہ( نامہ نگار ) وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا عمران خان کے دور حکومت میں مسلم لیگ ن کی جانب سے شروع کئے گئے قومی اہمیت کے لاتعداد منصوبوں کو انصاف اور کرپشن کے خاتمے کے نام پربننے والی پی ٹی آئی کی کرپٹ حکومت نے پس پشت ڈال کر انہیں ختم کرکے ملک وقوم کے اربوں روپے ضائع کئے۔ قوم نے تحریک انصاف اور اسکی قیادت کی کرپشن بے انصافی اور آخر میں 9مئی کے روز دہشت گردی بھی دیکھ لی۔ شیخوپورہ میں موٹروے ایم ٹو پر کوٹ پنڈی داس انٹر چینج کے تعمیراتی کام کا معائنہ کرنے اور نیشنل ہائی ویز حکام سے منصوبے کے متعلق بریفنگ لینے کے بعد میڈیا سے کہاکہ ملک وقوم کو ترقی کی اسی شاہراہ پر گامزن کریں گے۔ جہاں 2017میں محمد نواز شریف چھوڑ کر گئے تھے۔ کوٹ پنڈی داس انٹر چینج مسلم لیگ ن کی حکومت نے شروع کیا تھا 2017میں اس منصوبے پر سوا ارب روپے لاگت آنی تھی اب اس منصوبے کی لاگت 3 اعشاریہ8 ارب روپے ہو چکی ہے جو کہ ایک بڑا قومی نقصان ہے۔ انہوں نے حکام کو ہدائت کی کہ کوٹ پنڈی داس انٹر چینج ایک سال کی بجائے صرف 2ماہ میں مکمل ہونا چاہیے، جس کے بعد اس کا افتتاح محمد شہباز شریف کریں گے۔