لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے تحت آج مینار پاکستان گراؤنڈ میں بڑی تکبیر کانفرنس ہو گی جس میں سیاسی، مذہبی و سماجی جماعتوں کے کارکنان،کالجز و یونیورسٹیز کے طلبائ، وکلائ، تاجروں، سول سوسائٹی اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لاکھوں افراد شریک ہوں گے۔ اس سلسلہ میں تیاریاں و انتظاما ت مکمل کر لیے گئے ہیں۔ بڑی سکرینیں لگا دی گئیں۔ نماز کیلئے الگ جگہ مختص ہو گی۔ زبردست تشہیری مہم چلائی گئی ہے۔ تمام شاہراہیں، پبلک مقامات اور گلی محلے اشتہارات، بینرز، ہورڈنگز اور سائن بورڈز سے سجے نظر آتے ہیں۔ مختلف مقامات پر استقبالیہ کیمپ لگائے گئے ہیں۔ مرکزی مسلم لیگ کی طرف سے آئندہ انتخابات میں حصہ لینے والے مقامی عہدیداروں کی قیادت میں کانفرنس میں شرکت کیلئے لاہور کے مختلف علاقوں سے قافلے ترتیب دیئے گئے ہیں۔ مرکزی مسلم لیگ کے علاوہ دیگر سیاسی، مذہبی، سماجی و کشمیری تنظیموں کے قائدین ، وکلاء رہنما اور دانشور حضرات خطاب کریں گے۔ کشمیر لائرز فورم، نظریہ پاکستان لائرز فورم، حرمت رسولؐ لائرز فورم، احباب لائرز فورم اور پاک سول سوسائٹی نے بھی تکبیر کانفرنس میں بھرپور انداز میں شرکت کا اعلان کیا ہے۔ پاک کشمیر لائرز فورم کے صدر رانا عبدالحفیظ ایڈووکیٹ، محمد احسن ورک، مہر عبدالشکور و دیگر نے کہا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ بار، سپریم کورٹ بار اور لاہور بارکونسل کے وکلاء نے بڑی تعداد میں تکبیر کانفرنس میں شریک ہوں گے۔ لاہور کی مختلف تاجر تنظیموں نے بھی تکبیر کانفرنس میں شرکت کا اعلان کیا ہے۔ مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ مینار پاکستان ہونے والی تکبیر کانفرنس اتحادویکجہتی کے حوالے سے چلائی جانے والی ملک گیر تحریک کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہو گی۔مینار پاکستان گراؤنڈکا دورہ کئے جانے کے موقع پر جنرل سیکرٹری پی ایم ایم ایل محمد اعظم چوہدری، صدر پی ایم ایم ایل لاہور انجینئر عادل خلیق، نائب صدر لاہور ملک اعجاز، رضوان منیر، ریاض احمد احسان و دیگر بھی ہمراہ تھے۔ مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا کہ ہم سب جماعتوں اور پوری قوم کو متحد کرنے کے لئے کوششیں کر رہے ہیں۔ سیاسی جماعتیں باہمی مفادات کو پس پشت ڈال کر ملک کو مضبوط و مستحکم بنانے کے لیے کردار ادا کریں۔ ملکی دفاعی اداروں پر حملے کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ البتہ ہم یہ بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ اگر کوئی بے قصور سیاسی کارکن گرفتارہوئے ہیں تو انہیں رہا کیا جائے۔ وطن عزیز کو کمزور اور عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازشوں کو متحد ہو کر ہی ناکام بنایا جا سکتا ہے۔ دشمن قوتیں پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے خلاف سازشیں کر رہی ہیں۔ ان کے مذموم عزائم ناکام بنانے کیلئے پوری قوم کو متحد و بیدار کرنا ہو گا۔ اس ملک کی بقاء ایٹمی پروگرام سے وابستہ ہے۔ اس حوالے سے کسی قسم کا سمجھوتہ ملک کی سالمیت کیلئے خطرہ ہے۔ مرکزی مسلم لیگ قومی مفاد کیلئے ہر سیاسی جماعت کے پاس جائے گی۔ لاہور کی تاجر تنظیموں نے تکبیر کانفرنس میں شرکت کا اعلان کر دیا۔ مقامی ہوٹل میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صدر انجمن تاجران پاکستان نعیم میر، صدر اعظم مارکیٹ حاجی لیاقت علی، صدر ہال روڈ عرفان پپو، صدر واحد روڈ بورڈ چوہدری فیاض، صدر اچھرہ بازار حاجی اشفاق، جنرل سیکرٹری ہال روڈ معظم علی خان، سیکرٹری جنرل لوہا مارکیٹ اعظم شاہ، نعیم بادشاہ صدر لنڈا بازار، صدر شاہ عالم الیکٹرک مارکیٹ ملک اعجاز، صدر پاکستان کلاتھ مارکیٹ ہمایوں میر، چیئرمین رحمٰن گلیاں، جنرل سیکرٹری منٹ گمری روڈ، عامر مرزا سرپرست اعلیٰ موتی بازار، جاوید الیاس بٹ صدر گڈز ٹرانسپورٹ لاہور، باؤ عرفان صدر قذافی مارکیٹ اور عمران بابر سمیت دیگر تاجر تنظیموں کے عہدیداران نے شرکت کی۔ نعیم میر نے کہا کہ آج ہماری بدقسمتی ہے کہ ہمیں تکریم شہداء کے نام پر پروگرام کرنا پڑرہا ہے۔28 مئی کو تکبیر کانفرنس کے موقع پر ہماری تاجر برادری بھرپور تعداد میں شرکت کرے گی۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ جو سوچ اور نظریہ لیکر چلی ہے ہم اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہمایوں میر نے کہا کہ شہداء کی قربانی سے وفا ہم پر فرض اور قرض بھی ہے۔ دفاعی اداروں کے ساتھ ہمہ وقت تیار کھڑے ہیں۔