حجرہ: زمین تنازعہ پر 60 سالہ شخص کو ٹریکٹر کے نیچے دے کر مار ڈالا

حجرہ شاہ مقیم (نامہ نگار) زمین کے تنازعہ پر 60 سالہ شخص مخالفین کے ہاتھوں قتل اور درجن سے زائد ملزموں نے زبردستی زمین پر قابض ہونے کی کوشش کرتے ہوئے زمین میں ٹریکٹر وں سے ہل چلانا شروع کر دیئے، منع کرنے پر مقتول کو پہلے تشدد کیا اور بعد میں چلتے ٹریکٹر کے آگے پھینک کر ناحق قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔ اہل علاقہ نے افسوس ناک واقعہ کے خلاف دیپالپور قصور روڈ کو کئی گھنٹے تک بلاک کیے  رکھا۔ ڈی پی او اوکاڑہ کی موقع پر آمد کے دوران ملزموں کی گرفتاری کو یقین دہانی پر روڈ کو کھول دیا گیا۔ 17 ملزموں کے خلاف مقدمہ درج تاحال کوئی ملزم گرفتار نہ ہو سکا۔ تفصیلات کے مطابق حجرہ شاہ مقیم کے نواحی علاقہ راجووال کا رہائشی حاجی عتیق الرحمان کمبوہ کی ملکیتی زرعی زمین 4 ایکڑ جس کا وہ گزشتہ روز لیول کروا رہا تھا کہ مخالفین درجن سے زائد مسلح اسلحہ اور ڈنڈے سوٹے لے کر آگئے اور تین ٹریکٹر بغیر نمبری زبردستی زمین میں داخل ہوگئے اور قبضہ کی نیت سے ہل چلانا شروع کر دئیے جس پر حاجی عتیق الرحمان نے ان کو روکا تو ملزموں نے ڈنڈوں سوٹوں کے وار کر کے شدید تشدد کا نشانہ بنایا‘ ملزم نعیم ساجد، عبدالماجد، محمد عابد وغیرہ نے بار بار للکارتے رہے کہ آج ان کو زندہ نہ چھوڑو، جس پر دیگر ملزموں یاسین حماد، منیر احمد، ساجد الرحمن اور رضاء الرحمن پسران محمد شریف کمبوہ نے زخمی حاجی عتیق کو اٹھایا اور چلتے ہوئے ٹریکٹر کے آگے پھینک دیا۔ وقار اور ضرار نامی ملزمان نے اوپر سے ٹریکٹر چلا دیئے اور حاجی عتیق الرحمان کمبوہ کو موقع پر ناحق قتل کر کے ملزمان فرار ہو گئے۔

ای پیپر دی نیشن