لاہور ( نوائے وقت رپورٹ) زراعت کے لیے اچھی خبر، دریاؤں میں پانی کا بہاؤ بڑھنے، ڈیموں میں پانی کا ذخیرہ شروع ہونے پر ارسا نے صوبوں کو پانی کی فراہمی کا کوٹہ بڑھا دیا۔ ارسا کے مطابق جنوبی پنجاب کیلئے گریٹر تھل کینال کو آبپاشی کے لیے کھول دیا گیا۔ گریٹر تھل کینال میں 2 ہزار کیوسک پانی چھوڑا گیا۔ دریاؤں میں پانی کا مجموعی بہاؤ 2 لاکھ 8 ہزار کیوسک ہو گیا۔ صوبہ پنجاب کیلئے پانی کا کوٹہ بڑھا کر 86 ہزار کیوسک کر دیا گیا۔ سندھ کے لیے پانی کے حصص میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ ارسا کے مطابق سندھ کے لیے پانی کا کوٹہ 58 ہزار سے بڑھا کر 75 ہزار کیوسک کر دیا گیا۔ بلوچستان کے لیے پانی کا حصہ 6 ہزار سے بڑھا کر 9 ہزار کیوسک کیا گیا ہے۔ خیبر پی کے کو 2 ہزار 5 سو کیوسک پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔