کراچی (سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما منظور وسان نے عمران خان اورملک میں نئی پارٹیاں بننے سے متعلق پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب معافی کا وقت گزر گیا، عمران خان کو مصیبت میں دیکھ رہا ہوں، جبکہ پی ٹی آئی میں ٹوٹ پھوٹ اور نئی جماعتیں وجود میں آتے دیکھ رہا ہوں. منظور وسان کا مزید اپنے بیان میں کہنا تھا کہ عمران خان کے ساتھ اب کوئی بھی نہیں رہے گا، عوامی سطح نہ لیڈر شپ سطح، نئی پارٹیوں کی قیادت دوسرے کریں گے، پی ٹی آئی چھوڑ کر جانے والے ق لیگ، پی پی پی، ن لیگ اور کچھ نئی جماعتوں میں شامل ہونگے. ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سے متعلق کی گئی میری تمام پیش گوئیاں سچ ثابت ہو رہی ہیں، عمران خان باہر جانے کی کوشش کریگا مگر اسے جانے نہیں دیا جائے گا، ہوسکتا ہے کہ عمران خان کچھ دنوں کیلئے خاموشی اختیار کرلے۔منظوروسان نے کہا کہ عمران خان انٹرنیشنل سازش کے تحت بڑا کھیل کھیل رہاتھا،جو پکڑا گیا ہے، عمران خان پرانی پوزیشن پر واپس ہورہا ہے اور اب وہ کرکٹ والی پرانی تنخواہ پر ہی کام کریں گے۔
عمران خان مصیبت میں، کوئی بھی ساتھ نہیں رہیگا،منظور وسان
May 28, 2023