اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے)وفاقی حکومت اور خیبرپختونخوا کے مابین صوبے میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے، بجلی واجبات کی وصولی اور لائن لاسز میں کمی کے حوالے سے طویل گفت و شنید کے بعد اتفاق رائے طے پا گیا ہے جلد باقاعدہ معاہدہ کیا جائے گا۔ ملاقات کے بعدوزیراعلی خیبرپی کے علی امین گنڈا پور، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے میڈیا کو بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا کہ کے پی کے میں لوڈشیڈنگ کے حوالے سے وزیراعلی ٰکے پی کے اور وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کے مابین وزارت داخلہ میں بات چیت ہورہی ہے۔ بات چیت کا عمل خوشگوار رہا دونوں فریقین عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں۔اس حوالے سے بڑا بریک تھرو ہوا ہے عوام کو ریلیف دینے کے ساتھ ساتھ بجلی کے واجبات وصولی،لائن لاسز میں کمی کے حوالے سے تمام پہلوئوں پر بات ہوئی ہے۔ وزیراعلی ٰخیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کے پی میں لوڈشیڈنگ کا مسئلہ چلا آرہا تھا اس کے حل کے لئے ہم مل بیٹھیں ہیں۔ ہم نے پر یقین دہانی کرائی کہ بجلی کی مد میں بقایا جات ادا کریں گے اور لائن لاسز میں کمی کے لئے کمیونٹی بیسڈ مہم بھی چلائیں گے، ہمارے وفاق کے ساتھ معاملات طے ہوچکے ہیں، وفاق کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے صوبے کے عوام، امن و امان ، معاشی حالات کا احساس کیاہے۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ میری بات کسی شخص کے ساتھ نہیں بلکہ ملک کے وزیر داخلہ اور وزیر توانائی کے ساتھ ہوئی ہے۔ وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور ملک کے لئے خوش آئند بات ہے کہ سیاسی مخالفت کے باوجود ملک اتحادی جماعتوں کے تعاون سے کے پی کے میں بجلی کے ایشوز پر بات چیت ہوئی ہے۔بات چیت کے دوران وزارت توانائی اور کے پی کے حکومت نے اپنے اپنے منصوبوں کا تبادلہ کیا ہے۔ہم نے مشکلات کا حل نکال لیا ہے انہوں نے کہا کہ کے پی کے کے ساتھ حل کو ایک ماڈل کے طور پر دیگر صوبوں کے لئے بھی استعمال کریں گے انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں کتنی جلدی بجلی چوری ختم ہوگی اتنی ہی جلدی لوڈشیڈنگ کا بھی خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو معاشی طور پر مضبوط کرنے کے لئے وزیراعلی خیبرپختونخوا کے اس قدم کا خیر مقدم کرتے ہیں.