خیبر پی کے مزید17دہشتگرد ہلاک 5مئی شہید : آرمی چیف نے شہدا کی نماز جنازہ مہںشراکت کی : زخمیوں کی عیادت

اسلام آباد+ پشاور (خبر نگار خصوصی+نمائندہ خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے+ بیورو رپورٹ) خیبرپی کے میں سکیورٹی فورسز نے 2 آپریشنز کئے جس میں مزید 17 دہشتگرد ہلاک ہوگئے جبکہ 5 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ 24 گھنٹے میں ہلاک دہشت گردوں کی تعداد 23 ہو گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشنز 26 اور 27 مئی کے درمیان کئے گئے۔ 27 مئی کو ضلع ٹانک میں دہشتگردوں کے ٹھکانے پر کارروائی کی گئی۔ کارروائی میں 10 دہشتگرد مارے گئے۔ دوسرا آپریشن ضلع خیبر کے علاقے باغ میں کیا گیا، آپریشن میں 7 دہشتگرد مارے گئے۔ دو زخمی بھی ہوئے۔ آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں 5 جوان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔ شہداء میں نائیک محمد اشفاق بٹ، پونچھ کے 30 سالہ لانس نائیک سید دانش شامل ہیں۔ سپاہی تیمور ملک اور ضلع خوشاب کے سپاہی نادر صغیر بھی شہید ہوئے، آپریشن میں سپاہی محمد یاسین بھی شہید ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہلاک دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارود برآمد کر لیا۔ ہلاک دہشتگرد سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔ خیبر میں شہید پاک فوج کے 5 جوانوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، فوجی اور سول حکام نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ شہداء کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کی گئی۔ خیبر میں شہید فوجیوں میں کہوٹہ کے نائیک محمد اشفاق بٹ، لانس نائیک سید دانش افکار ضلع لیہ کے سپاہی تیمور ملک، پونچھ کے رہائشی سپاہی نادر صغیر اور سپاہی محمد یاسین شامل ہیں۔ آرمی چیف نے سی ایم ایچ پشاور کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے جوانوں کی خیریت دریافت کی۔ پشاور میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ کو آبائی علاقوں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ نے پشاور کے علاقے حسن خیل میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کیا تھا، میت آبائی علاقے رحیم یار خان پہنچنے پر شہید حسین جہانگیر کی مرکزی عید گاہ میں بھی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں اعلیٰ افسروں، سیاسی و سماجی شخصیات سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نماز جنازہ میں آئے شہریوں نے پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے اور شہید کیپٹن کو خراج تحسین پیش کیا۔ نماز جنازہ کے بعد شہید حسین جہانگیر کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ آرمی چیف نے جوانوں کے بلند حوصلے کو سراہا اور پوری قوت اور جذبے کے ساتھ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے قوم کے عزم کا اعادہ کیا۔ شہداء کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں میں سپرد خاک کیا جائے گا قبل ازیں آرمی چیف کا آمد پر کور کمانڈر پشاور نے استقبال کیا۔ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے 23 دہشت گردوں کو واصل جہنم کرنے پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دی ہے۔ بیان میں انہوں نے کہا پاکستانی قوم دہشتگروں سے نبردآزما، سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی پشت پر متحد کھڑی ہے۔ آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے جوان قوم کے بہادر بیٹے تھے۔ قوم شہید جوانوں اور ان کے خاندانوں کی ہمیشہ مقروض رہے گی۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جیت کے علاوہ پاکستان کے پاس دوسرا کوئی آپشن نہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کے  شہید ہونے والے پانچ جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیرِ داخلہ نے کہا کہ دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے بہادر سپوتوں نے اپنی جانیں وطن پر نچھاور کیں۔ پاک فوج کے جری جوانوں نے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ شہید جوانوں کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے زخمی جوانوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔حوالدار شفیق اللہ شہید (عمر،36 سال، ساکن ضلع کرک) کو ان کے آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہماری قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں اور مسلح افواج مادر وطن سے دہشتگردی کی لعنت کو ہر قیمت پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

ای پیپر دی نیشن