یوم تکبیر آج تعطیل دشمنوں، 9مئی والوں کو ناکام بنائیں گے : شہباز شریف

May 28, 2024

اسلام آباد +لاہور(نوائے وقت رپورٹ+خبر نگار خصوصی+نمائندہ خصوصی +خبر نگار) وزیراعظم شہباز شریف نے آج 28 مئی یوم تکبیر پر عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے دن 28 مئی یوم تکبیر کو سرکاری چھٹی قرار دیا ہے۔ کابینہ ڈویژن کے عام تعطیل کے نوٹیفکیشن کے مطابق آج 28 مئی یوم تکبیر پر ملک بھر میں عام تعطیل ہو گی۔ ملک بھر کے تمام سرکاری اور نجی ادارے بند رہیں گے۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ یوم تکبیر پاکستانی قوم کے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لئے اتحاد کی یاد دلاتا ہے۔ آج کے دن پوری قوم نے اس ملک کی سالمیت کے لئے یہ فیصلہ کیا کہ ملکی دفاع پر کسی قسم کا بیرونی دباؤ قبول کر کے سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ یوم تکبیر سیاسی اور دفاعی قوتوں کے اس ملک کے دفاع کو مضبوط تر بنانے کے لئے ایک جھنڈے، سبز ہلالی پرچم تلے متحد ہونے کی یاد دلاتا ہے۔ یوم تکبیر بیرونی دشمنوں کے ساتھ ساتھ ایسے اندرونی دشمنوں، جو ملک میں انتشار کی سیاست سے اس ملک کو خطرے سے دوچار کرنا چاہتے ہیں ان کے ناپاک عزائم کو ہمیشہ ناکام بنانے کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔ 28 مئی یوم تکبیر اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف اور پاک فوج کے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے اقدام کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ اس دن ہم ذوالفقار علی بھٹو کے پاکستان کے ایٹمی پروگرام شروع کرنے اور اسے جاری و ساری رکھنے میں اہم کردار ادا کرنے والے سائنسدانوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم اس دن یہ عہد کرتی ہے کہ 28 مئی کو جس طرح اس ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، ویسے ہی ہم شبانہ روز محنت سے اس ملک کی اقتصادی سلامتی کو یقینی بنائیں گے۔ آئیں آج کے روز ہم یہ عہد کریں کہ نا صرف بیرونی دشمنوں بلکہ پاکستان میں موجود 9 مئی جیسے واقعات سے انتشار کے خواہش مند عناصر کی شرپسندی کو اتحاد، تنظیم اور یقین محکم کے ساتھ دن رات محنت سے ناکام بنائیں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے ملاقات کی۔ شہباز شریف اور سابق وزیر خواجہ سعد رفیق کے درمیان ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد نے بھی ملاقات کی۔ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے نوجوانوں کے ایجنڈے کو اولین ترجیح دینے کی تاکید کی۔ وزیراعظم نے کہا نوجوان ہی پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ رانا مشہود نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے سازگار ماحول اور نت نئے منصوبوں کا جلد آغاز کرنے جا رہے ہیں۔ یوتھ کیپ ٹاپ سکیم، گرین یوتھ موومنٹ اور دیگر کئی منصوبے نوجوانوں کیلئے ہیں۔ نوجوانوں کو آسان اقساط پر قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں۔ علاوہ ا زیں پاکستان کودنیائے اسلام کی پہلی ایٹمی طاقت بننے کی26برس مکمل ہونے پر ’’یوم تکبیر‘‘ آج 28 مئی کو منایا جائے گا، اس روز فیصل آباد سمیت ملک بھر میں مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جس سے خطاب کے دوران مقررین ایٹمی دھماکوں کے تناظر میں محسن ملک و قوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان، ذوالفقار علی بھٹو اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے کردار پر تفصیل سے روشنی ڈالیں گے۔28مئی 1998ء کو پاکستان نے بلوچستان کے سنگلاخ پہاڑوں میںچاغی کے مقام پر بھارت کی جانب ایٹمی دھماکوں کے بعد ایٹمی دھماکے کر کے دنیا بھر میںساتویں ایٹمی طاقت ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ قبل ازیں امریکہ، برطانیہ، روس، چین، فرانس اور بھارت ایٹمی طاقت کے حامل ملک ہیں۔ پاکستان نے ایٹمی دھماکے کر کے پہلی اسلامی ایٹمی طاقت ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔محمد شہباز شریف نے ٹانک ڈیرہ اسماعیل خان اور باغ، ضلع خیبر میں افواج پاکستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر افسران و جوانوں کو خراج تحسین جبکہ جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ افواج پاکستان کے جوانوں نے اپنی جانوں کی پروا کئے بغیر دہشتگرد عناصر کی سرکوبی کیلئے کارروائی کی، اللہ رب العزت شہداء کے درجات بلند اور انکے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔ مجھ سمیت پوری قوم شہداء کے اہل خانہ کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ افواج پاکستان کے افسروں اور جوانوں نے ملکی سلامتی کو ہمیشہ اپنی جانوں پر فوقیت دی۔ دہشتگردی کے ناسور کے ملک سے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، پوری قوم دہشتگردی کے خلاف اس جنگ میں افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔اسلام آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق قائمقام صدر  یوسف رضا گیلانی نے یوم ِتکبیر پر پیغام میں کہا ہے کہ پوری قوم یومِ تکبیر کے تاریخی دن کے موقع پر پاکستان کے ایٹمی تجربات کی 26ویں سالگرہ منا رہی ہے۔ آج کے دن پاکستان کامیابی سے اپنی ایٹمی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے جوہری طاقتوں کی صف میں شامل ہو گیا۔ یوم ِتکبیر ہماری قوم کی استقامت، غیر متزلزل ارادے اور علاقائی امن و استحکام برقرار رکھنے کے عزم کا ثبوت ہے۔ ہمیں ایک ایٹمی ریاست بننے کے سفر میں کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ہماری قیادت اور سائنسدانوں نے اس نمایاں کامیابی کو حاصل کرنے کیلئے مختلف چیلنجز  کا مقابلہ کیا۔ آج جب ہم اپنے اس سفر پر نگاہ دوڑائیں تو ہمیں اپنے سائنسدانوں اور انجینئرزکی محنت کا اعتراف کرنا ہوگا کیونکہ ان کے بغیر یہ کامیابی ممکن نہ تھی۔آج کے دن ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی خدمات کو بھی تسلیم کرتے ہیں کہ ان کی کوششوں سے پاکستان ایک ایٹمی ریاست بنا۔ ہم بحیثیت اپوزیشن لیڈر محترمہ بے نظیر بھٹو کی جانب سے میاں نواز شریف کے ایٹمی تجربات کرنے کی حمایت کے فیصلے کو بھی سراہتے ہیں۔ ہمیں اس کامیابی سے ہمکنار کرانے کے پیچھے درحقیقت ہماری سول اور فوجی قیادت کا اجتماعی عزم ، ہماری سائنسی قابلیت اور قومی دفاع کیلئے غیر متزلزل لگن کارفرما تھی۔لاہور سے خبر نگار کے مطابق یوم تکبیر کے موقع پر لاہور ہائیکورٹ، علاقائی بنچز ملتان، راولپنڈی اور بہاولپور سمیت پنجاب بھر کی سول و سیشن عدالتیں بند رہیں گی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ملک شہزاد احمد خان کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ پوری پاکستانی قوم آج26 واں یوم تکبیر وطن عزیز کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور وطن عزیز کے دفاع کے عزم کے ساتھ منائے گی۔ اس روز پاکستان نے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 5 جوہری دھماکے کرکے اپنے دفاع کو ناقابل تسخیربنانے کا اعلان کیا اور عالمی دبائو  دھمکیوں اور لالچ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے اس وقت کے وزیر اعظم محمد نواز شریف نے اپوزیشن اور قوم کی تائید و حمایت سے ناممکن کو ممکن کر دکھایا اور پوری دنیا میں پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔ یوم تکبیر کے موقع پر ملک بھر میں سرکاری اور نجی سطح پر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ یوم تکبیر28  مئی کے نام سے یاد کیا جانے والا یہ دن ہر سال ملک بھر میں قومی فخر اور شکرانے کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے جب پاکستان دنیا کا ساتواں ایٹمی ملک اورپہلی مسلم ریاست بن گیا۔ پاکستان جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے ماحول کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے اور کسی بھی شکل میں جارحیت یا مہم جوئی کو روکنے کی اپنی صلاحیت کو برقرار رکھتا ہے۔ پاکستان تمام ریاستوں کے لیے عدم تفریق اور مساوی تحفظ کے اصولوں پر مبنی عالمی عدم پھیلا کے نظام کو مضبوط کرنے کے لیے بین الاقوامی کوششوں میں شراکت دار ہے۔ دوسری جانب شہباز شریف نے ملک کے مختلف حصوں میں لوڈشیڈنگ کی شکایات کا نوٹس لے لیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے معاملے پر آج دن 12 بجے اجلاس طلب کرلیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ  وزیراعظم کو بجلی کی طلب و رسد اور لوڈشیڈنگ سے متعلق بریفنگ دی جائے گی۔ بجلی چوری کے خلاف جاری کارروائیوں  پر  پیشرفت کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔ صوبوں میں بجلی کے حوالے سے درپیش مسائل پر بھی بات چیت ہوگی۔شہباز شریف نے قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی کو ٹیلی فون کر کے علی قاسم گیلانی کی ضمنی الیکشن میں کامیابی پر مبارک باد دی۔ ایوان صدر کے مطابق قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے وزیراعظم سے اظہار تشکر اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ 

مزیدخبریں