کبیروالہ میں خسرہ سے 5 بچوں کی اموات پرصوبائی وزیرصحت کا سخت نوٹس 

May 28, 2024

لاہور(نیوز رپورٹر) کبیر والہ، ضلع خانیوال کے نواحی گاؤں میں   خسرہ سے5 بچوں کی اموات پر وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے سخت نوٹس لیتے ہوئے  سی ای او ہیلتھ خانیوال ڈاکٹر عبدالمجید ، ڈی ایچ او(پریوینٹو سروسز) ڈاکٹر فضل الرحمن بلال، ڈی ڈی ایچ او کبیروالہ ڈاکٹر عالم شیر کو معطل کردیا۔ خواجہ عمران نذیر نے سیکرٹری صحت کومذکورہ ہیلتھ افسروں کیخلاف انکوائری کیفوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ ساتھ ہی وزرائے صحت خواجہ عمران نذیر اور خواجہ سلمان رفیق نے ہنگامی اجلاس ویڈیو لنک پر طلب کرلیا۔سیکرٹری صحت علی جان خان اور سی ای او پی ایچ ایف ایم سی ڈاکٹر عاصم الطاف نے شرکت کی۔ صوبائی وزرا صحت نے بریفنگ میں بتایا تمام سرکاری ہسپتالوں میں ہیٹ ویو کاونٹرز قائم کردیئے‘ ادویات کا وافر سٹاک موجود ہے۔انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ ہیٹ ویو اور خسرہ متاثرہ بچوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کرکے روازنہ رپورٹ پیش کی جائیں۔علاوہ ازیںڈسٹرکٹ کیمپ جیل لاہور کے ہسپتال میں پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کے تحت فری میڈیکل کیمپ کے افتتاح پرمیڈیا سے گفتگو کرتے   صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہاصوبے کی 43 جیلوں میں فری میڈیکل کیمپ قائم کردیئے ہیں‘ 70 ہزار سے زائد قیدیوں، حوالاتیوں اور جیل سٹاف کی ایڈز، ہیپاٹائٹس بی، سی، بلڈ پریشر، شوگر اور ٹی بی جیسے امراض کی مکمل  سیکریننگ کی جارہی ہے۔  حاصل ڈیٹا کمپیوٹرائزڈ کرکے انکی پرائیویسی اور سیکریسی کو برقرار رکھا جائیگا۔ جیلوں میں 27 مئی تا یکم جون تک فری میڈیکل کیمپ قائم رہیں گے۔

مزیدخبریں