لاہور(نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قائم کردہ خصوصی کمیٹی کا اجلاس وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ میں ہوا۔ کمیٹی کے شریک کنوینر، وزیر زراعت سید عاشق کرمانی، ایڈووکیٹ جنرل، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، سیکرٹری لاء اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں زرعی اراضی کا غیرضروری کمرشل استعمال ریگولیٹ کرنے کی تجاویز پر غور کیا گیا۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا زرعی اراضی کے پلاننگ کے بغیر کمرشل استعمال کی موثر مانیٹرنگ ضروری ہے۔ وزیراعلی پنجاب اراضی کے دانشمندانہ استعمال کا مربوط طریقہ کار چاہتی ہیں۔ اس لئے ضروری ہوا تو نئی قانون سازی بھی کی جا سکتی ہے۔ ذیشان رفیق نے کہا نئی قانون سازی کرتے وقتخیال رکھنا ہوگا کہ اراضی کے زرعی اور کمرشل استعمال میں توازن لایا جائے۔ ہائوسنگ سوسائٹیز کی رجسٹریشن کا ٹھوس میکانزم ہونا چاہیے۔ وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی نے کہا بڑھتی رہائشی ضرورت پوری کرنے کیلئے دستیاب اراضی کے اکانومی استعمال کو یقینی بنانا اور بلند عمارتوں کے کلچر کی طرف جانا ہوگاجبکہ غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کو قانون کے دائرے میں لانا ضروری ہے۔