لاہور(نیوز رپورٹر)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں میؤ ہسپتال و دیگر کارڈیالوجی ہسپتالوں کے کارڈیک سرجری ڈیپارٹمنٹ کی صلاحیت بڑھانے سے متعلق اجلاس ہوا۔ وزیر آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیاگیا۔ سیکرٹری صحت پنجاب، سپیشل سیکرٹریز ، وی سی کنگ ایڈورڈ پروفیسر محمود ایاز، سی ای او میؤ ہسپتال پروفیسر احسن نعمان جبکہ وزیر آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور ایم ایس بذریعہ ویڈیو لنک کانفرنس میں شریک ہوئے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہامیؤ ہسپتال لاہور میں کارڈیک کمپلیکس بنائیں گے جبکہ ڈیپارٹمنٹ آف کارڈیک سرجری میں ایچ آر کو مکمل کر رہے ہیں۔علاوہ ازیں خواجہ سلمان رفیق نے پاکستان اکیڈمی آف فیملی فزیشنز کے زیر اہتمام کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر صدر پاکستان اکیڈمی آف فیملی فزیشنز ڈاکٹر طارق میاں ، پرنسپل جنرل ہسپتال لاہور پروفیسر ڈاکٹر سردار الفرید ظفر، صدر پی ایم اے لاہور چیپٹر پروفیسر اشرف نظامی و دیگر فیکلٹی ممبرز موجود تھے۔ خواجہ سلمان رفیق نے بہترین کانفرنس کے انعقاد پر عہدیداروں کو مبارکباد دی۔انہوںنے کہا ہسپتالوں میں جاری ری ویمپنگ منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کے ہمراہ لال پل اور بٹ چوک کے دورہ کے موقع پرصوبائی وزیر صحت نے ریلوے ٹریک اور ٹریفک روانی کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا ٹریفک روانی کو بہتر کرنے میں عوام بھی انتظامیہ کا ساتھ دے۔ سڑکوں کی مرمت اور کشادگی سے ٹریفک روانی میں بڑی حد تک آسانی پیدا ہو گی۔