لاہور(نیوز رپورٹر) پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن رجسٹرڈ لاہور کے انتخابات میں وطن گروپ کی بلا مقابلہ کامیابی کے بعد حلف برداری کی رنگارنگ تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان تھے۔چیئرمین پیاف فہیم الرحمن سہگل،پیٹرن چیف انجم نثار‘ وائس چیئرمین طاہر منظور ، لاہور چیمبر کے سابق ای سی ممبر ملک ذیشان سہیل، محمد علی میاں، رکن صوبائی اسمبلی ملک ریاض، فیصل آباد کیریئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین محسن سلیم، سیاسی رہنما خالد نیک گجر، بس اونرز فیڈریشن کے چیئرمین خالد گجر سمیت پاکستان بھر سے گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کی کثیر تعداد نے میلے کا سماں بنا دیا۔حلف اٹھانے والوں میں صدر نبیل محمود طارق،سینئر نائب صدر ملک عرفان سلطان،نائب صدور ارشد اقبال ،جنرل سیکرٹری زاہد بصیر،جوائنٹ سیکرٹری جمشید اقبال،فنانس سیکرٹری راناشاہد،ڈپٹی فنانس سیکرٹری عمران خان،سیکرٹری اطلاعات بلال امتیاز،ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات طارق امیر ،کوآرڈینیٹر سیکرٹری رانا سجاول شامل تھے۔ نو منتخب صدر نبیل محمود طارق نے ٹرانسپورٹروں کے مسائل پر روشنی ڈالی اور یقین دلایا کہ لاہور کے ٹرانسپورٹرز پیاف کا بھرپور ساتھ دینگے۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہا حکومت گڈز ٹرانسپورٹروں کے مسائل حل کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑے گی۔