لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے لاہور میں چینی قونصلیٹ جنرل آفس کا دورہ کیا اورچینی قونصل جنرل ژاؤ شریںسے ملاقات کی۔ ڈی آئی جی سپیشل پروٹیکشن یونٹ منتظر مہدی، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران، سی ٹی او عمارہ اطہر آئی جی پنجاب کے ہمراہ تھیں۔ دوران ملاقات پنجاب میں چینی باشندوں، انجینئرز، ماہرین، کاروباری وفود کے سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا پنجاب پولیس چینی ماہرین اور باشندوں کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔سپیشل پروٹیکشن یونٹ(ایس پی یو) صوبہ بھر میں چینی شہریوں و ماہرین کی سکیورٹی کیلئے انتہائی الرٹ ہے۔ دریں اثنا ڈاکٹر عثمان انور کی زیر قیادت پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے ترجیحی اقدامات جاری ہیں جس کے تسلسل میں آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین اور انکے اہلخانہ کے علاج معالجے کیلئے مزید 25 لاکھ روپے جاری کر دئیے ہیں۔جبکہ آئی جی نے کہا پنجاب پولیس نے صوبہ بھر میں گرجا گھروں،مقدس مذہبی مقامات اور مسیحی کمیونٹی کی سکیورٹی بڑھا دی۔ سیاسی لیڈرشپ اور مسیحی کمیونٹی پولیس کے ساتھ مل کر بقائے امن کیلئے کردار ادا کرے۔ سرگودھا پولیس نے آر پی او اور ڈی پی او کی قیادت میں بروقت اقدامات سے مشکل ترین حالات کو دانشمندی سے کنٹرول کیاجو لائق تحسین ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں مسیحی کمیونٹی کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ سابق صوبائی وزیر، رکن اسمبلی اعجاز عالم اگسٹین کی قیادت میں مسیحی رہنماؤں کے وفد نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا۔