لاہور (نوائے وقت رپورٹ) شدید گرمی نے پورے ملک کو لپیٹ میں لئے رکھا جبکہ بجلی کی طلب میں واضح کمی کے باوجود شارٹ فال ختم نہ ہو سکا۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے اضلاع بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں ہیٹ ویو کی لہر شدید ہو سکتی ہے۔ تمام متعلقہ ادارے الرٹ رہیں۔ جبکہ لاہور میں درجہ حرارت 43.29 سینٹی گریڈ رہا۔ دریں اثناء ملک میں بجلی کی طلب 23 ہزار 500 ، رسد 19 ہزار 500 میگا واٹ کے لگ بھگ رہی۔ ذرائع انرجی ڈویژن کے مطابق کہ ملک میں اس وقت 4 ہزار میگاواٹ کے قریب شارٹ فال ہے، سولر انرجی، بجلی مہنگی ہونے سے ڈیمانڈ میں روز 22 فی صد تک کمی دیکھی جا رہی ہے۔ لیسکو میں اس وقت لوڈشیڈنگ صرف ہائی لاسز فیڈرز پر ہو رہی ہے۔ دیگر کمپنیوں میں 4 سے 6 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق کے پی اور سندھ کے زیادہ چوری والے علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ کراچی میں شدید گرمی کے دوارن علاقوں میں کے الیکٹرک کی جانب سے 12 سے 14 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ شہر میں اورنگی‘ کورنگی‘ اﷲ والا ٹاؤن‘ سٹی ریلوے کالونی‘ ملیر‘ گڈاپ‘ قائد آباد‘ کیماڑی اور لیاری میں 12 سے 14 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ ناظم آباد‘ ایف بی ایریا‘ شادمان‘ حیدری‘ گارڈن‘ جمشید کوارٹر‘ نیو کراچی‘ سرجانی‘ پٹیل پاڑ اور لائنز ایریا میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14 گھنٹے سے تجاوز کر گیا۔ دریں اثناء محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر میں کمی کی نوید سنا دی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج 28 مئی سے یکم جون کے دوران بالائی علاقوں میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ کوئٹہ‘ ژوب‘ زیارت‘ بارکھان‘ 28 مئی تا یکم جون چترال‘ دیر‘ سوات‘ ایبٹ آباد‘ کوہستان‘ وزیرستان‘ شانگلہ ‘ لکی مروت‘ کرک‘ پشاور اور مردان میں چند مقامات ‘ گلگت بلتستان اور کشمیر کے علاوہ مری‘ گلگت‘ اسلام آباد‘ راولپنڈی‘ اٹک‘ چکوال‘ گوجرانوالہ‘ سیالکوٹ‘ نارووال‘ لاہور‘ اوکاڑہ اور فیصل آباد سمیت دیگر مقامات پر بھی بارشوں کا امکان ہے۔
جھلسادینے والی گرمی طویل لوڈ شیڈ نگ بجلی کی طلب میں کمی بھی شارٹ فال ختم نہ کرسکی
May 28, 2024