کالعدم لشکر جھنگوی کے ریاض بسرا گروپ کا فعال رکن سعودی عرب سے گرفتار

کراچی(این این آئی)ایف آئی اے انٹرپول اور امیگریشن کے عملے نے تخریب کاری جیسے سنگین جرائم میں ملوث اشتہاری ملزم کو سعودی عرب سے گرفتار کر لیا۔ملزم کو سعودی عرب سے گرفتار کر کے فلائٹ نمبر SV700 کے ذریعے کراچی ایئر پورٹ منتقل کیا گیا۔ملزم رائو حبیب الرحمن پنجاب پولیس کو مطلوب ہے، ملزم کے خلاف تھانہ فتح شاہ وہاڑی میں انسدادِ دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے، ملزم کے خلاف 2014 میں مقدمہ درج ہوا تھا۔ملزم حبیب الرحمن کا تعلق بورے والا سے ہے، جو کالعدم تنظیم لشکرِ جھنگوی کے ریاض بسرا گروپ سے منسلک اور دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے ملزم کی گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹس جاری کیا تھا، گرفتار ملزم کو پنجاب پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر نے ملزم کی گرفتاری پر این سی بی انٹرپول پاکستان کی کارکردگی کو سراہا ہے۔انہوں نے کہاکہ این سی بی انٹرپول پاکستان جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ 24/7 پوری دنیا کے ساتھ رابطے میں ہے۔ڈی جی ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر نے کہاکہ سنگین جرائم میں مطلوب اشتہاری ملزمان کے لیے دنیا میں کوئی بھی جگہ محفوظ نہیں، ملزمان کی معلومات کے حوالے سے بھی انٹرپول کی کاوشیں قابلِ ستائش ہیں۔انہوں نے ہدایت کی ہے کہ سنگین جرائم میں مطلوب عناصر کی گرفتاری کے لے کارروائیاں مزید تیز کی جائیں، ملزمان کی گرفتاری کے لیے بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مضبوط روابط قائم کیے جائیں۔ڈی جی ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر نے یہ ہدایت بھی کی کی ہے کہ سنگین جرائم میں مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔

ای پیپر دی نیشن