جنوبی وزیرستان مشران جرگہ کی ملاقات، حکومت قبائلی عوام کے مطالبات سنجیدگی سے لے: عمر ایوب

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) جنوبی وزیرستان کے مشران جرگہ نے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب خان سے ملاقات کی۔ مشران جرگہ نے انگور اڈا بارڈر بند ہونے کے باعث مسائل سے آگاہ کیا۔ مشران جرگہ نے کہا کہ ہمارا ایک نکاتی ایجنڈا ہے کہ ہمیں ہمارے نقصان کا معاوضہ دیا جائے۔ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب سے جنوبی وزیرستان کے مشران جرگہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود اچکزئی اور سابق سپیکر اسد قیصر بھی موجود تھے، جرگہ میں جنوبی وزیرستان کے وزیر اور محسود قبیلے کے مشران شریک ہوئے۔ جرگہ مشران نے انگور اڈا بارڈر بند ہونے کے باعث مسائل سے آگاہ کیا۔ اپوزیشن لیڈر نے معاملہ قومی اسمبلی میں اٹھانے کی یقین دہانی کرائی، وفد کی اپوزیشن لیڈر کو اسلام آباد میں تین روزہ قبائلی جرگہ میں شرکت کی دعوت دی۔ اپوزیشن رہنماؤں نے قبائلی جرگہ میں شرکت کی دعوت قبول کر لی۔ جرگہ مشران قبائلی نے کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ممبران کو سابق فاٹا کے دورے کی دعوت دیتے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے کہا کہ عوام کے تمام مسائل حل کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ معاملہ قومی اسمبلی اور وزارت داخلہ کے سامنے رکھیں گے۔ عمر ایوب خان نے مزید کہا کہ یہ پاکستان کے محب وطن عوام کے مستقبل کا مسئلہ ہے، حکومت کو قبائلی اضلاع کے عوام کے مطالبات کو سنجیدگی سے لینا ہو گا۔ اگر مسائل حل نہ ہوئے تو عوام کا ریاست سے اعتماد اٹھ جائے گا۔ اسد قیصر نے کہا قبائلی اضلاع کے عوام کے مسائل کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھاؤں گا۔ اگر مسائل حل نہ کئے گئے تو سڑکوں پر آئیں گے۔ محمود خان اچکزئی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہم اس جرگے کے تمام مطالبات سے متفق ہیں۔ قبائلیوں کے حقوق کیلئے اسمبلی اور اسمبلی سے باہر جدوجہد کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن