اقلیتوں کو مکمل تحفظ حاصل‘ سرگودھا میں توہین مذہب واقعہ قابل مذمت: طاہر اشرفی

May 28, 2024

سرگودھا (نمائندہ خصوصی) چیئرمین پاکستان علماء کونسل مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ سرگودھا شہر کے علاقہ مجاہد کالونی کا واقعہ پاکستان اور دین اسلام پر دھبہ لگانے کی ناکام کوشش تھی۔ مولانا طاہر اشرفی نے سرگودھا آمد پر مجاہد کالونی توہین مذہب کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وقوعہ میں ملوث ملزموں کو سزا ملے گی اور بے گناہ افراد کو چھوڑ دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے شواہد کی بنیاد پر گرفتاریاں کی ہیں اور تحقیقات کے ساتھ شفاف تفتیش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی جگہ انتہا پسندی اور دہشتگردی کرتے ہوئے اپنی عدالت اپنا انصاف قابل قبول نہیں ہے۔ طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل تحفظ حاصل ہے۔اس ملک کی ترقی میں غیر مسلم ہمارے شانہ بشانہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ توہین مذہب اور علاقہ میں توڑ پھوڑ میں ملوث ملزموں کے ٹرائل کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ بہت جلد سرگودہا کے گرجا گھر میں اتحاد بین المذاھب کانفرنس کے انعقاد کا اعلان کیا جائے گا۔

مزیدخبریں