وفاقی وزیر صنعت و پیداوار اینڈ فوڈ سکیورٹی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ملکی دفاع اورمعیشت کو مستحکم کرنے کیلئے سر سبز ہلالی پرچم تلے مل کر جمع ہو جائیں ۔یوم تکبیر کے موقع پر پیغام میں رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کی اعلی قیادت بالخصوص سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف، اعلیٰ فوجی قیادت اور پاکستان کے سائنسدانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جن کے مصمم ارادے اور حوصلے کی وجہ سے پاکستان کا دفاع ہمیشہ کیلئے ناقابل تسخیر ہو گیا، پاکستان کی سیاسی فوجی قیادت اور سائنسدانوں نے ملکر اس دن کو اس خطے میں ہمیشہ کیلئے طاقت کا توازن قائم کیا ۔انہوںنے کہا کہ پاکستان نے مسلسل دفاعی خطرات کے پیش نظر ایک اہم سنگ میل عبور کیا ،یہ دن یقینی طور پر ہمارے لئے باعث فخر ہے، جب ہمارا ملک وطن عزیز دنیا کے نقشے پر ایک ایٹمی طاقت کے طور پر ابھرا، یوم تکبیر اس بات کا آئینہ دار ہے ، اگر قوم متحد ہو اور ارادہ مضبوط تو کسی بھی بیرونی اور اندرونی خلفشار پھیلانے والوں کا بھر پور مقابلہ کر سکتے ہیں اور انہیں شکست فاش دے کر ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنا سکتے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ ملک کے دفاع اور پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے سر سبز ہلالی پرچم تلے مل کر جمع ہو جائیں ۔
میاں محمد نواز شریف، اعلیٰ فوجی قیادت اور پاکستان کے سائنسدانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں: رانا تنویرحسین
May 28, 2024 | 13:17