راولپنڈی :پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے یوم تکبیر کی 26ویں سالگرہ کے موقع پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے ایک بیان میں کہا کہ یہ اہم موقع 1998 میں پاکستان کے جوہری تجربات کی تاریخی کامیابی کی یاد دلاتا ہے.جس نے کامیابی سے قابل اعتبار کم از کم ڈیٹرنس قائم کیا اور خطے میں طاقت کا توازن بحال کیا۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ مسلح افواج اور قوم ان تمام لوگوں کی غیر متزلزل لگن اور بے لوث قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے اس شاندار کارنامے میں حصہ ڈالا جو کہ شدید مشکلات کے باوجود حاصل کیا گیا۔آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ اس خواب کی تعبیر کے لیے اپنی زندگیاں وقف کرنے والے سائنسدان، انجینئرز اور اہلکار بجا طور پر قوم اور اس کی مسلح افواج کے شکر گزار اور تعریف کے مستحق ہیں۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کے اس اہم دن پر پاکستان کی مسلح افواج مادر وطن کے دفاع، اس کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہے اور انشاء اللہ ہر وقت اور کسی بھی قیمت پر ملکی سلامتی کو یقینی بنائے گی۔
مسلح افواج کی 26 ویں یوم تکبیر پر قوم کو مبارکباد، ملک کے دفاع کے عزم کا اعادہ
May 28, 2024 | 16:35