چینی صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرینگے: وزیراعظم

اسلام آباد:   وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چینی صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس ہوا .جس میں مختلف وفاقی وزارتوں کی جانب سے پاک چین دو طرفہ معاشی تعلقات کے حوالے سے تجاویز پیش کی گئیں۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم شراکت دار ہے، چینی انڈسٹری خصوصاً چینی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو پاکستان میں صنعتیں لگانے کی دعوت دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ ترجیحی بنیادوں پر زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور چین میں پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں اضافے کا خواہاں ہے، حکومت چینی صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مقیم چینی باشندوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی، چینی شہریوں کی سکیورٹی کے حوالے سے جامع پلان ترتیب دیا گیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک کے اگلے مرحلے کے حوالے سے بھرپور تیاری کر رہے ہیں، چینی تعاون سے گوادر بندرگاہ کو لاجسٹکس کا حب بنایا جائے گا.ایگری کلچر ڈیمانسٹریشن زونز کا قیام سی پیک کے اگلے مرحلے کے حوالے سے اہم منصوبہ ہوگا۔شہباز شریف نے ہدایت کی کہ متعلقہ وزارتیں پاکستان چین کے تعاون کے نئے منصوبوں کے حوالے سے تیاری کریں اور بزنس ٹو بزنس روابط بڑھائے کے لئے اقدامات اٹھائیں. برآمدات بڑھانے کے حوالے سے حکمت عملی ترتیب دینے سے چین پاکستان کا مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن