حکومتی عدم دلچسپی، پنجاب زکٰوة کونسل کے چیئرمین کی تقرری 7ماہ سے التوا کا شکار

لاہور (سید عدنان فاروق) پنجاب حکومت کی عدم دلچسپی کے باعث پنجاب زکٰوة کونسل کے چیئرمین کی گزشتہ 7ماہ سے تقرری التواءکا شکار ہے اور حکومت مذکورہ عہدہ کے لئے کسی ”اہل“ شخص کو تلاش نہیںکر سکی۔ معاملات چلانے کے لئے ”ڈنگ ٹپاﺅ“ پالیسی کے تحت سیکرٹری زکٰوة کئی ماہ سے صوبائی زکٰوة کونسل کے اجلاسوں کی صدارت کر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب زکٰوة کونسل کے سابق چےئرمےن جسٹس (ر) اللہ نواز نے رواں برس 2 اپریل کو مبینہ طور پر پنجاب بھر کے تمام اضلاع مےں چےئر مےن زکٰوة کونسل کی نامزدگےوں کےلئے ناموں کی حکومتی فہرست کی من و عن منظوری دینے کے لئے دباﺅ پر عہدے سے استعفیٰ دیدیا تھا۔ قانون کے مطابق صوبائی زکٰوة کونسل کے چیئرمین کے عہدہ پر ہائیکورٹ کے حاضر سروس یا ریٹائرڈ جج کی تقرری ہی ہوسکتی ہے، سات ماہ میں حکومت نے مختلف ناموں پر غور کیا تاہم کوئی نام حکومتی ”اعتماد“ حاصل نہ کر سکا۔ ذرائع کے مطابق حکومتی حلقوںکا خیال ہے کہ کسی جج کی نامزدگی کی بجائے بیوروکریسی کے ذریعے ہی معاملات کو چلایا جائے۔ محکمہ زکٰوة کے ترجمان نے نوائے وقت کو بتایا کہ قانون میں ایسی پابندی نہیں کہ سیکرٹری زکٰوة کونسل کی صدارت نہیں کر سکتا،آج (پیر) کو بھی کونسل کے اجلاس کی صدارت سیکرٹری زکٰوة عمران ناصر ہی کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن