اسلام آباد(کامرس ڈیسک) ملک کی سب سے بڑی انرجی کمپنی پاکستان اسٹیٹ آئل کے سی ای او اور ایم ڈی نعیم یحییٰ میر نے مقامی ہوٹل میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ایس او کے مستقبل کے پروجیکٹس اوراس سے متعلق حکمت عملی پرروشنی ڈالی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نعیم یحییٰ میر نے اپنے وژن کا تفصیل سے ذکر کیا جس کے تحت پی ایس او کو ایک مربوط توانائی کی کمپنی میں تبدیل کیاجائے گا جس میں پروڈکٹ سپلائی چین کے تمام پہلوﺅں یعنی تیل کی دریافت‘ ری فائننگ‘ ڈسٹری بیوشن اورشپنگ شامل ہیں۔ اس پالیسی پرعملدرآمد کرکے پی ایس او پی او ایل کی مصنوعات کے حصول میں خودانحصاری حاصل کرنے میں کامیاب ہوگی اورغیر ملکی ذرائع پر انحصار کم ہوجائے گا۔ ایم ڈی پی ایس او نے کہا کہ انہوں نے کاروباری معاملات میں مڈل مین کی مداخلت کو کم کیا ہے اورپی ایس او میں کاسٹ ریشنلائزیشن(لاگت کی کٹوتی) کی ہے۔ انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ موگیس اورڈیزل میں ڈایڈیٹوز کی شمولیت کے خاتمے سے کمپنی کو تقریباً 635 ملین روپے سالانہ کی بچت ہوگی۔