مکہ مکرمہ (مبشر اقبال لون استادانوالہ سے) خانہ کعبہ کو 15 محرم الحرام کل جمعرات کو غسل دیا جائے گا۔ سعودی فرمانروا خادم حرمین شریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز آل سعود کی نیابت کرتے ہوئے گورنر مکہ المکرمہ شہزادہ خالد الفیصل بن عبدالعزیز آل سعود خانہ کعبہ کو غسل دیں گے۔ غسل دینے کی اس عالمی تقریب میں مسلمان سکالرز، حکومتی اہلکاروں، مسلم ممالک کے وزرائے حج اور سعودی عرب میں اسلامی ملکوں کے سفارت کاروں کو مدعو کیا گیا ہے۔ خانہ کعبہ کی اندرونی دیواروں کو غسل دینے کے لئے عرق گلاب اور عطر استعمال کیا جاتا ہے جبکہ چھت کو آب زمزم میں عرق گلاب ملا کر صاف کیا جاتا ہے اور پھر کھجور کے پتوں کے ساتھ دھویا جاتا ہے اور سفید کپڑے و ٹشوز کے ساتھ خشک کیا جاتا ہے۔ خانہ کعبہ کو غسل دینے سے قبل گورنر مکہ مکرمہ خانہ کعبہ کا طواف کریں گے اور حجر اسود کو بوسہ دیں گے۔ بعدازاں انہیں مخمل سے بنے بیگ میں رکھی گئی خانہ کعبہ کی چابی پیش کی جائے گی۔ خانہ کعبہ میں داخل ہو کر شہزادہ خالد الفیصل 2 رکعت نوافل ادا کریں گے۔ واضح ہو کہ خانہ کعبہ کو سال میں دو مرتبہ 15 شعبان اور وسط محرم میں غسل دیا جاتا ہے جبکہ 9 ذوالحجہ کو خانہ کعبہ پر نیا غلاف چڑھایا جاتا ہے۔