لاہور (کلچرل رپورٹر) آزاد تھیٹر پاکستان کے اشتراک سے پاکستان میں سیاسی آگاہی پر کھیل ”بچہ جمہورا“ تیار کر رہا ہے۔ آزاد تھیٹر کے چیئرمین سرفراز انصاری نے بتایا ہے کہ یہ کھیل لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ملتان اور پشاور میں دسمبر 2012ءکے دوران پیش کیا جائے گا۔ اس کھیل کو سٹریٹ تھیٹر کی شکل میں پیش کیا جائیگا۔ اس کھیل کا مقصد لوگوں میں سیاسی شعور کو اُجاگر کرنا ہے کہ لوگ اپنے ووٹ کا حق ضرور استعمال کریں اور امیدوار کا انتخاب بلاامتیاز کریں۔ اس کھیل میں اس بات کو بھی اُجاگر کرنے کی کوشش کی گئی ہے کہ خواتین الیکشن میں بھرپور طریقے سے اپنے ووٹ کا حق بھی ضرور استعمال کریں۔ اس کھیل کو ملک اسلم نے تحریر کیا ہے اور ہدایات سرفراز انصاری کی ہیں۔ اس کھیل میں عالیہ عباسی، ڈاکٹر مبشر، وسیم حیدر، ندیم عباس، یعقوب مسیح، لوکا کیلون، آصف حسین، عمران خان اور خولہ قریشی اداکاری کر رہے ہیں۔