لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل جاوید میانداد نے کہا ہے کہ قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ دورہ بھارت کی تیاری کیلئے مددگار ثابت ہو گا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 2 دسمبر سے لاہور میں شروع ہونے والے قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کی تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں۔ اس سلسلہ میں ضلعی حکومت کے نمائندوں کے ساتھ ملاقاتیں بھی جاری ہیں۔ جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کے میچز تین وینیوز پر کھیلے جائیں گے جس میں شائقین کی بڑی تعداد کی آمد متوقع ہے۔ قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے انعقاد سے ہمارے کھلاڑیوں کیلئے دورہ بھارت سے قبل اپنی فارم اور فٹنس بحال کرنے کا بہترین موقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ضلعی حکومت کی جانب سے ڈی سی او نورالامین مینگل نے نمائندگی کرنا تھی تاہم وہ مصروفیات کی بناءپر نہیں آ سکے ہیں ان کی جگہ فہد نے اجلاس میں ان کی نمائندگی کی ہے۔ ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں ٹورنامنٹ کے ابتدائی معاملات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے جس کے اچھے نتائج نکلیں گے۔