کراچی + سنگاپور (این این آئی + رائٹرز) ایران نے پاکستان سے بارٹر ڈیل کے تحت دس لاکھ ٹن گندم کی خریداری پر رضامندی ظاہر کر دی۔ وزارت خوراک کے سےکرٹری احمد بخش لہری کا کہنا ہے کہ ایران پاکستان سے تین سو ڈالر فی ٹن کے حساب سے 10 لاکھ ٹن گندم کی درآمد پر رضامند ہو گیا، دس لاکھ ٹن گندم آئندہ ماہ سے بارٹر ٹریڈ کے تحت برآمد کی جائے گی۔ اس سلسلے میں پاسکو کو خصوصی اقدامات کی ہدایت کر دی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ گندم کے معیار کی جانچ کے لئے ایرانی ماہرین کی ٹیم نے رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ اس سے قبل ایران نے پاکستانی گندم میں فنگس کی موجودگی کے باعث ڈیل معطل کر دی تھی۔ سےکرٹری خوراک کا کہنا ہے کہ ایران کو گندم کی برآمد کے بعد بھی پاکستان کے پاس پانچ لاکھ ٹن گندم کے ذخائر موجود ہوں گے۔ دریں اثناءاجناس کی برآمدات کے ادارے کے چیئرمین محمد نجیب نے رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان سے ایران گندم بھجوانے کا کام دسمبر میں شروع ہو جائے گا۔ ایران میں گندم کی درآمد نجی کمپنیاں کرتی ہیں تاہم اس بار حکومت نے ان کی مدد کے لئے پاکستان سے ڈیل کی جس کی وجہ ایران پر عالمی پابندیاں بنیں۔