لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ نے ٹیچر تشدد کیس کے ملزم پیپلز پارٹی کے سابق ایم پی اے اسلم مڈھیانہ کی ضمانت منسوخی کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے دائر اپیل مسترد کر دی۔مسٹرجسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے کیس کی سماعت کی۔ پنجاب حکومت کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ سابق ایم پی اے اسلم مڈھیانہ کے خلاف سکو ل ٹیچر پر تشدد سمیت دیگر سنگین نوعیت کے مقدمات ہیں تاہم ماتحت عدالت نے ٹھوس شواہد کے باوجود اسلم مڈھیانہ کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا اس لیے عدالت ضمانت منسوخ کرے۔ اسلم مڈھیانہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کیس میں آج تک اسلم مڈھیانہ کے خلاف کوئی ثبوت پیش نہ کیا جاسکا، سیاسی بنیادوں پر انھیں اس مقدمے میں ملوث کیا گیا ہے۔عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد پنجاب حکومت کی درخواست مسترد کر دی۔ عدالت نے قرار دیا کہ پنجاب حکومت ضمانت منسوخی کے لیے ٹھوس شہادتیں اور تسلی بخش مواد پیش نہیں کر سکی ہے۔
ٹیچر تشدد کیس: ہائیکورٹ نے اسلم مڈھیانہ کی ضمانت کی منسوخی کیلئے پنجاب حکومت کی اپیل مسترد کر دی
Nov 28, 2012