امریکی نمائندہ خصوصی مارک گراسمین چودہ دسمبر کو باقاعدہ طور پر اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے۔ان کا کہنا ہے کہ وہ نجی زندگی پر توجہ دینا چاہتے ہیں ۔مارک گراسمین نے اپنے پیش رچرڈ ہالبروک کے انتقال کے بعد فروری دوہزارگیارہ میں عہدہ سنبھالا تھا ۔انہوں نے امریکی وزارت خاررجہ میں تقریبا تیس برس تک کام کیا ۔ وہ ترکی میں امریکی سفارت کار اور وزارت خارجہ میں یورپی امور کے لیے معاون سیکرٹری رہ چکے ہیں۔ گراسمین نےانیس سوچھہترسےانیس سوتراسی تک پاکستان میں امریکی سفارتخانے میں خدمات انجام دیں۔ وہ انیس سوستانوے سےدوہزار تک اسسٹنٹ سیکریٹری آف اسٹیٹ فار یورپین افیئرز بھی رہے۔سلالہ چیک پوسٹ حملے میں پاکستانی فوجیوں کی شہادت کے بعد پاک امریکا تعلقات کشیدہ ہوئے تو مارک گراسمین نے تعلقات کو معمول پر لانے میں اہم کردار ادا کیا ۔ گراسمین کی جگہ ان کے نائب ڈیوڈ ڈی پیئرس عارضی طور پر پاکستان اور افغانستان کیلئے نمائندہ خصوصی ہوں گے۔ ڈیوڈ پیئرس افغان سفارتخانے میں اسسٹنٹ چیف مشن اور الجیریا میں سفیر کے طور پر بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔