پشاور پریس کلب میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے میاں افتخار حسین کا کہنا تھا کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی جبکہ عام انتخابات بھی اپنے مقررہ وقت پر ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ مستحکم جمہوریت ہی پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔گزشتہ انتخابات میں دہشت گردوں نے بہت سے رکاوٹیں پیدا کیں تاہم وہ کامیاب نہ ہوسکے، اب بھی تمام سیاسی جماعتوں کو دہشت گردی کے خلاف متحد ہوجانا چاہیے۔ میاں افتخار حسین نے کہا کہ اغیاروں کے اشاروں پر چلنے والوں کا خاتمہ ضروری ہے، دہشت گرد بہت کمزور ہوچکے ہیں اور وہ پہلے جیسے منظم بھی نہیں رہے۔قبل ازیں غیر سرکاری تنظیم کے زیر اہتمام خواتین پر تشدد کی روک تھام کے حوالے سے منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کرتےہوئے صوبائی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ تعلیم اور شعور کی کمی کے باعث ہمارے معاشرے میں خواتین کو ان کا اصل مقام حاصل نہیں ہوسکا۔