بغداد (اے ایف پی) عراق میں چار خود کش حملوں اور فائرنگ کے واقعات میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد اور سکیورٹی اہلکاروں سمیت 50 افراد جاں بحق اور بیسیوں زخمی ہو گئے، اعداد و شمار کے مطابق رواں برس عراق میں مرنے والوں کی تعداد چھ ہزار ہو گئی۔ بغداد اور نواحی علاقے سے 19نعشیں برآمد ہوئی ہیں۔ انہیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔ ان میں سے آٹھ کے ہاتھ پائوں بندھے ہوئے تھے۔ حوریہ میں مسلح افراد نے گھر میں گھس کر تین خواتین اور دو مردوں کو فائرنگ کرکے مار ڈالا۔ ابو غریب میں خود کش بمبار نے جنازے کے جلوس میں خود کو اڑا لیا، 9 مارے گئے۔ صوبہ دیالہ میں بھی خود کش حملہ میں گاڑی میں بارودی مواد بھرا ہوا تھا۔ کردش ہشمرگا فورس کے تین اہلکار مارے گئے۔ امادی میں خود کش حملے سے سات پولیس اہلکار ہلاک اور 15زخمی ہوئے۔ ایک اور دھماکے میں چار اہلکار مارے گئے۔ موصل میں فائرنگ کے واقعہ میں دو سکول ٹیچر جاں بحق ہو گئے۔ ادھر کریک ڈائون میں 25مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔