لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بھارت میں اگلے ماہ منعقد ہونے والے جونیئر ورلڈ کپ کے لیے19 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔ عمر بھٹہ ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دینگے۔ قومی جونیئر ہاکی ٹیم کا اعلان گذشتہ روز ہیڈ کوچ منظور الحسن، کوچ دانش کلیم، انجم سعید نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان جونیئر ٹیم میگا ایونٹ میں شرکت کے لیے 2 دسمبر کو واہگہ بارڈر کے راستے بھارت روانہ ہو گی۔ خالد بھٹی کے فٹنس مسائل کی وجہ سے محمد کاشف جاوید کو ان کا متبادل کھلاڑی اعلان کیا گیا ہے تاہم اگلے دو روز تک خالد بھٹی کی فٹنس کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔ کھلاڑیوں میں عمر بھٹہ کپتان اور محمد توثیق نائب کپتان جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں مظہر عباس، امین یوسف، خالد بھٹی، کاشف شاہ، وسیم بلال، رضوان جونیئر، فیصل قادر، تصور عباس، عماد شکیل، ذوہیب اشرف، محمد عرفان، محمد دلبر، رضوان علی، ارسلان قادر، محمد عمیر اور کاشف جاوید شامل ہیں۔ کھلاڑی خالد بھٹی کو مشروط طور پر شامل کیا گیا ہے۔ اگر انہوں نے دو پریکٹس میچز مین فٹنس ثابت کر دی تو انہیں ٹیم میں شامل رکھا جائے گا۔ ہیڈ کوچ منظورالحسن کا کہنا تھا کہ امید ہے ٹورنامنٹ میں اچھے نتائج دینگے۔ تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کی خامیوں پر قابو پانے کی بھرپور کوشش کی گئی ہے۔