اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) بری فوج کے نامزد سربراہ جنرل راحیل شریف 16 جون 1956ء میں میجر محمد شریف کے ہاں کوئٹہ میں پیدا ہوئے۔ وہ نشان حیدر اور ستارہ جرأت حاصل کرنے والے میجر شبیر شریف شہید، کیپٹن ممتاز شریف (ستارۂ بسالت) کے چھوٹے بھائی اور نشان حیدر میجر عزیز بھٹی شہید کے بھانجے ہیں۔ اس اعتبار سے وہ فوجی خاندان کے چشم و چراغ ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق وہ گورنمنٹ کالج لاہور کے فارغ التحصیل ہیں۔ انہوں نے فوجی تربیت پی ایم اے کاکول سے حاصل کی۔ اکیڈمی کے 54ویں لانگ کورس کے فارغ التحصیل ہیں۔ انہوں نے اکتوبر 1976ء میں فوج میں کمشن حاصل کیا۔ انہیں فرنٹیئر فورس کی معروف چھٹی بٹالین میں متعین کیا گیا۔ میجر شبیر شریف شہید کا اسی بٹالین سے تعلق تھا۔ نوجوان افسر کی حیثیت سے انہوں نے انفنٹری بریگیڈ میں گلگت میں فرائض سرانجام دئیے۔ بعدازاں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے ایجوٹینٹ رہے۔ کمپنی کمانڈر کا کورس جرمنی سے پاس کیا۔ سکول آف انفنٹری اینڈ ٹیکٹس میں انسٹرکٹر کے طور پر خدمات سرانجام دیں۔ اعزاز کے ساتھ کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کینیڈا سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔ راحیل شریف کمانڈ سٹاف اور انسٹرکشنل تقرریوں کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ انفنٹری بریگیڈ کے بریگیڈ میجر رہے اور دو انفنٹری یونٹوں کی کمان کی جن میں کشمیر میں چھ فرنٹیئر فورس رجمنٹ اور سیالکوٹ بارڈر پر 26 فرنٹیئر فورس رجمنٹ شامل ہیں۔ راحیل شریف کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کی فیکلٹی میں شامل تھے۔ انہوں نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں 1998ء میں آرمڈ فورسز وار کورس میں شرکت کی۔ بریگیڈیئر کی حیثیت سے انہوں نے انڈیپینڈنٹ انفنٹری بریگیڈ گروپ سمیت دو انفنٹری بریگیڈز کی کمان کی۔ انہیں سیکنڈ کور کے چیف آف سٹاف ہونے کا اعزاز حاصل ہے جن میں 30 کور اور 12 کور شامل ہیں۔ وہ برطانیہ کے رائل کالج آف ڈیفنس سٹڈیز کے گریجوایٹ ہیں۔ وہ انفنٹری ڈویژن کے جنرل آفیسر کمانڈنگ اور پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کمانڈنٹ رہے۔ لیفٹیننٹ جنرل کی حیثیت سے انہوں نے انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایوالیوایشن سے قبل دو سال تک 30 کور کے کور کمانڈر کے طور پر خدمات سرانجام دیں۔ راحیل شریف شادی شدہ ہیں اور ان کے دو بیٹے اور ایک بیٹی ہیں، انہیں مطالعہ، تیراکی اور شکار سے شغف ہے۔ سنیارٹی میں جنرل راحیل شریف ہارون اسلم اور راشد محمود کے بعد تیسرے نمبر پر ہیں۔ وہ کور کمانڈر گوجرانوالہ اور پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے کمانڈنٹ کے عہدوں پر بھی کام کر چکے ہیں۔ انہوں نے ملٹری اکیڈمی کاکول سے 54 واں لانگ کورس پاس آؤٹ کرنے کے بعد 1976ء میں فرنٹیر فورس رجمنٹ میں کمشن حاصل کیا۔ انہوں نے جرمنی سے انفنٹری کمپنی کمانڈر کورس، کینیڈا سے سٹاف کورس کئے اور برٹش رائل ملٹری کالج میں بھی زیر تربیت رہے۔ جنرل راحیل نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے وار کورس کیا۔ جنرل راحیل نے اپنے کیریئر میں انفنٹری بریگیڈ اور ڈویژن کو کمانڈ کیا۔