جسٹس تصدق جیلانی سپریم کورٹ کے اگلے چیف جسٹس‘ 12 دسمبر کو حلف اٹھائیں گے

Nov 28, 2013

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+نوائے وقت رپورٹ +ایجنسیاں)  صدر ممنون حسین نے سینئر ترین  جسٹس تصدق  حسین جیلانی کی موجودہ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی 11 دسمبر کو ریٹائرمنٹ کے بعد 12 دسمبر سے بطور چیف جسٹس تعیناتی کی منظوری دیدی ہے۔ وہ 12 دسمبر کو صبح نو بجے اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ وزارت قانون  نے ان کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ وزیراعظم  نواز شریف  نے  جسٹس  تصدق حسین جیلانی  کو سینئر ترین جج ہونے پر چیف جسٹس بنائے جانے کی سفارش کی تھی  اور  صدر نے وزیراعظم  کی ایڈوائس  پر یہ منظوری دی۔  صدر نے آرٹیکل 175(اے)  کی  شق  (3)  کے تحت تقرر کی منظوری دی۔ چیف جسٹس  پاکستان جسٹس  افتخار محمد چودھری  11 دسمبر کو ریٹائر ہو رہے ہیں۔  جسٹس  تصدق حسین جیلانی اس وقت  قائم مقام چیف الیکشن  کمشنر ہیں۔ جسٹس تصدق  حسین جیلانی 12 دسمبر  2013ء  کو چیف جسٹس  بنیں گے۔  حکومت ان کی  جگہ چیف  الیکشن کمشنر کیلئے نئے ناموں  پر غور کر رہی ہے۔ جسٹس  تصدق حسین جیلانی 5  جولائی 2014ء  کو ریٹائر ہوں گے وہ 7 ماہ اور 18 دن چیف جسٹس پاکستان رہیں گے۔ دوسری جانب  سپریم کورٹ  نے نئے چیف جسٹس   کی حلف برداری  کے لئے صدر سے  وقت  مانگ لیا ہے۔  حلف برداری  کی تقریب 12 دسمبر کو ایوان صدر  میں ہو گی۔  چیف جسٹس  افتخار محمد چودھری 11 دسمبر  کو ریٹائر ہو  رہے ہیں۔  رجسٹرار  سپریم کورٹ  کی طرف  سے  صدر کو خط لکھا گیا ہے۔ سینئر ترین  جج جسٹس  تصدق  حسین جیلانی  نئے چیف جسٹس  کا حلف اٹھائیں گے۔  جسٹس تصدق  حسین کی ریٹائرمنٹ  کے بعد سپریم کورٹ  کے سینئر ترین  جج جسٹس ناصرالملک  چیف جسٹس کا عہدہ سنبھالیں گے۔ جسٹس تصدق جیلانی ادبی ذوق رکھتے ہیں، انہوں نے عدالتی ترانہ لکھا تھا۔ 

مزیدخبریں