لاہور (کامرس رپورٹر )تائیوان اور پاکستان کے درمیان تجارتی تعاون بڑھانے کیلئے تائیوان ایکسٹرنل ٹریڈ ڈویلپمنٹ کونسل اور لاہور ایوان صنعت و تجارت کے مابین مفاہمت کی ایک یاداشت (ایم او یوز) طے پایا ہے جس پر لاہور چیمبر کے صدر انجینئرسہیل لاشاری اور تائیوان ٹریڈ ڈویلپمنٹ کونسل کے ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ ہی مونگ وانگ نے دستخط کئے ۔اس موقع پر لاہور چیمبر کے وفد میں شامل ارکان خواجہ خاور رشید،ابرار احمد،نبیلہ انتصار،مرغوب شاکر اظہار اور اویس سعید پراچہ بھی موجود تھے۔اس معاہدے کے تحت لاہور چیمبر اور تائیوان ایکسٹرنل ٹریڈ ڈویلپمنٹ کونسل دونوں ملکوں کے کاروباری افراد کوتجارتی معلومات فراہم کرنے،باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں بھرپور تعاون کریں گے تاکہ پاکستان اور تائیوان کے درمیان دو طرفہ تجارت کو فروغ دیا جا سکے۔دونوں ممالک کی مصنوعات کو متعارف کرانے کیلئے تجارتی نمائشوں کا انعقاد،وفود کے تبادلے اور کاروباری دفاتر کے قیام میں بھی مدد کریں گے۔