لاہور (خبرنگار) سابق سینئر فوجی افسروں نے جنرل راحیل شریف کو نیا آرمی چیف اور جنرل راشد محمود کو نیا چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی بنائے جانے کے فیصلوں کو درست اور بہترین قرار دیا ہے۔ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل (ر) ضیاءالدین خواجہ نے کہا کہ بہت اچھے فیصلے ہو رہے ہیں۔ جنرل راحیل شریف کا پورا کیرئر بیحد شاندار ہے۔ وہ بہت زیادہ باصلاحیت افسر ہیں، بہترین کارکردگی کی وجہ سے وہ پاک فوج کے اس سب سے بڑے عہدے کیلئے چنے گئے ہیں۔ وہ عام جرنیل نہیں بلکہ بہترین ہیں۔ جنرل راحیل شریف کے بھائی میجر شبیر شریف نشان حیدر ان سے صرف 6ماہ سینئر اور بہت اچھے دوست تھے۔ سابق کور کمانڈر کراچی جنرل (ر) نصیر اختر نے کہاکہ چیف آف آرمی سٹاف کا چناﺅ کرنا وزیراعظم کا استحقاق ہے۔ وزیراعظم کو 5-4جرنیلوں کا پینل بھیجا جاتا ہے اگر انہیں ان میں سے کوئی پسند نہ آئے تو مزید نیچے چلے جاتے ہیں۔ چیف آف آرمی سٹاف کون ہو گا یہ فیصلہ کرنے کا حق صرف اور صرف وزیراعظم کا ہے۔ انہوں نے انفنٹری کے ایک بہترین افسر کا چناﺅ کیا۔ چیف آف آرمی سٹاف اور چیئرمین جوائنٹ چیف آف آرمی سٹاف کے حوالے سے فیصلوں پر تنقید غیرمناسب ہے۔
سابق فوجی