نئی دہلی(آن لائن) بھارتی وزیر دفاع منوہر پریکار نے کہا ہے کہ فوج کو پاکستانی رینجرز کی گولہ باری کا سختی سے جواب دینے کے احکامات جاری کردیئے ہیں کسی کو اس طرف آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق منوہر پریکار نے راجیہ سبھا کو آگاہ کیا کہ سرحدوں کا تعین نہ ہونے کی وجہ سے لبریشن آرمی کے اہلکار اس طرف آنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں یہ کوئی بڑا معاملہ نہیں اس طرح کے واقعات سرحدوںپر رونما ہوتے رہتے ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ چینی لبریشن آرمی کے اہلکاروں کو بھارتی حدود میں ٹینٹ نصب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پاکستان اور چین کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر فوج کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے مرکزی حکومت نے اقدامات کئے ہیں ۔ سرحدوں پر فوج کو احکامات صادر کئے گئے ہیں کہ گولی کا جواب گولی سے دیا جائے۔ رواں برس سرحدوں پر گولہ باری کے نتیجے میں بارہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔کنٹرول لائن پر دراندازی کے بڑھتے ہوئے واقعات اور سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر خفیہ اداروں اور وزارت دفاع کو باضابطہ طور پر فورسز کی تعیناتی کو یقینی بنانے کے سلسلے میں اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔