سڈنی+ لاہور (بی بی سی+ سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) آسٹریلوی کرکٹ حکام کے مطابق آسٹریلوی بیٹسمین فلپ ہیوز وفات پا گئے۔ انہیں منگل کو سڈنی میں آسٹریلیئن فرسٹ کلاس کرکٹ کے ایک میچ کے دوران سر پر گیند لگنے سے شدید چوٹ آئی تھی۔ 25 سالہ ہیوز سڈنی کے ایک ہسپتال میں داخل تھے۔ گذشتہ روز شیفیلڈ شیلڈ کے ایک میچ کے دوران انہیں نیو ساؤتھ ویلز کے بولر شان ایبٹ کا باؤنسر لگا تھا جس کے نتیجے میں وہ پچ پرگر پڑے تھے۔ آسٹریلیا کے کپتان مائیکل کلارک نے فل ہیوز کے والدین، بہن میگن اور بھائی جیسن کی جانب سے سینٹ ونسنٹ ہسپتال میں ایک بیان پڑھ کر سنایا، جس میں کہا گیا ہے کہ ’ہمارے عزیز بیٹے اور بھائی فلپ کی موت ہمارے لئے تباہ کن ہے۔ گذشتہ چند روز بہت مشکل رہے ہیں۔ ہم خاندان کے افراد، دوستوں، کھلاڑیوں، کرکٹ آسٹریلیا اور عوام کی جانب سے مدد کی قدر کرتے ہیں۔ اس سے قبل کرکٹ آسٹریلیا کے ایک ترجمان کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ ’آپ کو یہ بتانا میرا افسوس ناک فرض ہے کہ تھوڑی دیر پہلے فلپ ہیوز چل بسے۔ منگل کو کوما میں چلے جانے کے بعد سے انہیں ہوش نہیں آیا۔ حکام نے بتایا کہ چوٹ اس قدر شدید تھی کہ ہیوز حواس قائم نہ رکھ سکے اور بے ہوش ہوکر منہ کے بل گر پڑے۔ چالیس منٹ تک گرائونڈ ہی میں طبی امداد دینے کے بعد ہیوز کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ہنگامی بنیادوں پر ان کی سرجری کی گئی۔ انہیں آئی سی یو میں رکھ کر مصنوعی تنفس فراہم کیا جاتارہا۔ ڈاکٹرز نے 48گھنٹے اہم قرار دیئے تھے لیکن وہ انتقال کر گئے۔ فلپ ہیوز نے 26 ٹیسٹ میچوں میں تین سنچریوں اور سات نصف سنچریوں کی مدد سے ڈیڑھ ہزار سے زیادہ رنز بنائے۔
سر پر گیند لگنے سے زخمی ہونیوالے آسٹریلوی بیٹسمین فلپ ہیوز انتقال کر گئے
Nov 28, 2014