کراچی+ لاہور (ایجنسیاں+ نمائندہ سپورٹس+ نوائے وقت رپورٹ) ملک ریاض حسین چیئرمین بحریہ ٹائون نے کراچی اور حیدر آباد میں الطاف حسین کے نام پر انٹرنیشنل سٹینڈرڈ کی یونیورسٹیز بنانے کا اعلان کیا ہے۔ یونیورسٹیز میں دس سے بیس فیصد طلبہ و طالبات مفت تعلیم حاصل کرینگے اور ان کی فیس دیگر گورنمنٹ یونیورسٹیز کی نسبت کم ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی اور حیدر آباد کی یورنیورسٹیز کے لئے انٹرنیشنل یونیورسٹی کے ساتھ معاہدہ کیا جا چکا ہے۔ کراچی کی ڈائو یونیورسٹی کے لئے اضافی زمین کے لئے درکار 25 کروڑ روپے بھی ملک ریاض حسین نے عطیہ کر دیئے ہیں۔ ملک ریاض حسین نے گورنر سندھ عشرت العباد کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں ان اعلانات کے تحت سندھ اور بالخصوص کراچی کے عوام کیلئے متعدد تعلیم دوست منصوبوں کا اعلان کیا۔ الطاف حسین نے ملک ریاض حسین کو فون کر کے شکریہ ادا کیا ہے۔ ملک ریاض نے بتایا کہ 53 کلومیٹر طویل بس ریپڈ ٹرانزٹ کے لئے ان کی ٹیم کا سارا کام مکمل ہے اور سندھ گورنمنٹ کی اجازت کی صورت میں اس منصوبے پر یکم جنوری 2015ء سے کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔ انہوں نے ایم کیو ایم کے شہدا کے ورثا کو پلاٹ دینے کا بھی اعلان کیا۔ ملک ریاض حسین نے آئندہ سال میں سندھ کے 8 دسترخوانوں کی تعداد بڑھا کر 58 کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی تیسری سب سے بڑی مسجد پر دسمبر 2014ء میں کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔ گورنر ہائوس کراچی میں منعقد اس تقریب میں چیئرمین بحریہ ٹائون نے پاکستان ہاکی ٹیم کے بھارت چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کیلئے جانے کی الوداعیہ تقریب میں بھی شرکت کی اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے 50 لاکھ روپے کے انعام کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیمپئنز ٹرافی جیت کے آنے کی صورت میں انہیں ایک کروڑ روپے کا انعام دیا جائے گا۔ علاوہ ازیں گورنر سندھ اور ملک ریاض ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو بھی گئے۔ ملک ریاض نے پہلی مرتبہ نائن زیرو کا دورہ کیا۔ ڈاکٹر عشرت العباد اور ملک ریاض کا ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شاندار استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ اس موقع پر خطاب میں الطاف حسین نے کہا کہ ملک ریاض کروڑوں غریبوں کی دعائیں لیتے ہیں۔ کروڑوں افراد خصوصاً حیدر آباد کے عوام کی دعائیں ملک ریاض کے ساتھ ہیں، حیدر آباد میں یونیورسٹی کے قیام کا دن آ گیا۔ 66 سال بعد حیدر آباد کے عوام کی یونیورسٹی کی خواہش پوری ہو گئی۔ اللہ پاک نے ملک ریاض کو فرشتہ بنا کر بھیجا۔ میں نے کہا تھا کہ حیدر آباد میں کوئی یونیورسٹی بنائے یا نہ بنائے میں بنائوں گا۔ کچھ متعصب وزراء نے تو یہ تک کہا کہ حیدر آباد میں یونیورسٹی نہیں بنے گی، ملک ریاض نے نائن زیرو آمد سے پہلے آصف زرداری سے رابطہ کیا، آصف زرداری نے خوشی خوشی حیدر آباد میں یونیورسٹی بنانے کی اجازت دی، اللہ نے تعلیم کے فروغ سے دلچسپی رکھنے والے شخص کو ہمت اور حوصلہ دیا، آج تک اردو بولنے والا ایک بھی وزیراعلیٰ نہیں بنا۔ سندھ میں 40 فیصد حصہ اردو بولنے والوں کا بنتا ہے، 1973ء میں سندھ میں غیر منصفانہ کوٹہ سسٹم نافذ کیا گیا۔ سندھ کے وڈیرے گائوں میں سکول نہیں بننے دیتے، ان کے بچے کراچی کے سکولوں میں پڑھتے ہیں ہیں اپنے گائوں میں سکول نہیں کھلنے دیتے، ہم سندھ میں کوٹہ سسٹم ختم کر کے 50، 50 فیصد کا سسٹم نافذ کرینگے، اب ایسے اور ملک ریاض پیدا ہونگے۔ نمائندہ سپورٹس کے مطابق قومی ہاکی ٹیم سے ملاقات میں ٹیم انتظامیہ اور پلیئرز نے ایم کیو ایم کی ہاکی دوست پالیسیوں پر ان کا شکریہ ادا کیا اور چیمپئنز ٹرافی میں عمدہ کارکردگی کے عزم کا اظہار کیا۔ گورنر سندھ نے ہاکی ٹیم کیلئے دس لاکھ روپے کے انعام کا بھی اعلان کیا۔ ہاکی فیڈریشن کے صدر چودھری اختر رسول نے الطاف حسین، عشرت العباد، ملک ریاض سمیت ہاکی دوست افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے قومی کھیل کی مدد کرنے پر ان کی خدمات کو سراہا۔ سیکرٹری ہاکی فیڈریشن رانا مجاہد علی نے کہا ہے ہم اس مشکل وقت سے نکلیں گے۔ وزیراعظم پاکستان ہماری اپیل پر ہمدردانہ غور کرینگے۔پاکستان میں حکومت ملے تو ملک ریاض جیسا دل رکھنے والوں کو ملے، سندھ کی تقسیم تو نہیں ہو گی لیکن انتظامی یونٹ کی طرح بانٹ دیا جائے گا۔ ملک ریاض جیسے لوگ جو عوام کی خدمت کرتے ہیں انہیں حکومت کرنی چاہئے۔ وہ وقت آئے گا ہاریوں پر ظلم کرنے والوں کو جیل میں ڈالا جائے گا۔ یونیورسٹی بنانے کی راہ میں روڑے اٹکانے والوں کو نوجوان چماٹے ماریں گے۔ وزیراعظم، وزیراعلیٰ، وزیر داخلہ 30 نومبر کو صبر سے کام لیں، عمران اور دھرنے کے شرکاء پرامن احتجاج کریں، توڑ پھوڑ اور تشدد نہ کریں اور تصادم سے گریز کریں۔ اسلام آباد کو آگ و خون میں نہ نہلایا جائے۔ اس سازش کو ناکام بنا دیا جائے۔ ملک ریاض نے کہا کہ اتنا بڑا کام نہیں کیا جتنی عزت نائن زیرو آنے پر دی گئی جس پر مشکور ہوں۔ میرے پاس جو کچھ ہے سب اللہ کی امانت ہے، میں نے محرومی اور غربت خود دیکھی ہے، میں اپنی جائیداد کا 75 فیصد عوام کو دوں گا۔