پٹرول 9.66، ڈیزل 7.15، مٹی کا تیل 4 روپے لٹر سستا، اوگرا نے سمری بھجوا دی، عالمی منڈی میں قیمت 4 سال کی کم ترین سطح پر آ گئی

Nov 28, 2014

اسلام آباد (خبرنگار) اوگرا کی طرف سے بجھوائی گئی سمری پر حکومت نے پٹرول کی قیمت 9روپے 66 پیسے فی لٹر کمی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات ریکارڈ سستی کرنے کی سمری ارسال کر دی۔ اوگرا کی سمری پر پیٹرولیم مصنوعات 10 روپے فی لٹر تک سستی کرنیکا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پٹرول 9روپے 66پیسے فی لٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل 7روپے 12پیسے فی لٹر سستا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہائی آکٹین 10 روپے فی لٹر، مٹی کا تیل 4 روپے 01 پیسہ اور لائٹ ڈیزل 5 روپے فی لٹر سستا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت گزشتہ 8 سال کی کم ترین سطح پر آ جائے گی، وزیراعظم کی منظوری کے بعد پیٹرولیم مصنوعات سستی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔ نیوز ایجنسیوں کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 4 سال کی کم ترین سطح پر آ گئی۔ عالمی منڈی میں خام تیل ایک ڈالر 42 سینٹ فی بیرل سستا ہو گیا اور اس کی قیمت 74.36 سینٹ فی بیرل ہو گئی۔ علاوہ ازیں اوپیک ممالک نے تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے باوجود پیداوار کم نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے سبب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں مزید کمی کے امکانات ہیں۔

مزیدخبریں