سیالکوٹ(نامہ نگار)بھارتی فورسز نے سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری لائن کے چاروا سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کردی۔ پاکستان چناب رینجرز نے جوابی کارروائی کر کے منہ توڑ جواب دیا۔سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری لائن کے چاروا سیکٹر پر بھارتی سیکورٹی فورسز نے پاکستانی چوکیوں پر بلااشتعال فائرنگ کی اور سول آبادی پر مارٹر گولے چلائے۔ سرحدی دیہاتوں سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق مارٹر گولوں کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہ ہوا تاہم لوگ اپنے گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے۔ پاکستان چناب رینجرز کی طرف سے بھارتی فائرنگ وگولہ باری کا منہ توڑ جواب دیا گیا۔ سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری لائن پر دو ماہ کے دوران بھارتی فائرنگ وگولہ باری کی وجہ سے پندرہ پاکستانی شہری جاں بحق اور 38زخمی ہو چکے ہیں اور لوگوں کی کروڑوں روپے کی املاک کو نقصان پہنچ چکا ہے۔