لاہور (نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر+بی بی سی+نیوز ایجنسیاں)آسٹریلوی بلے باز فلپس ہیوز کی موت پر دنیا بھر کے کھلاڑیوںنے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے فل ہیوز کے والدین، بہن میگن اور بھائی جیسن کی جانب سے بیان پڑھ کر سنایا، جس میں کہا گیا ہے کہ ’ہمارے عزیز بیٹے اور بھائی فلپ کی موت ہمارے لئے تباہ کن ہے۔ہم خاندان کے افراد، دوستوں، کھلاڑیوں، کرکٹ آسٹریلیا اور عوام کی جانب سے مدد کی قدر کرتے ہیں۔کرکٹ آسٹریلیا کے ایک ترجمان نے کہاکہ چوٹ اس قدر شدید تھی کہ ہیوز حواس قائم نہ رکھ سکے اور بے ہوش ہوکر منہ کے بل گر پڑے۔ ڈاکٹرز نے 48گھنٹے اہم قرار دیئے تھے لیکن وہ انتقال کر گئے۔ آسٹریلوی وزیراعظم ٹونی ایبٹ نے کہا کہ ان کی موت کرکٹ اور ان کے خاندان کیلئے بہت ہی افسوسناک واقعہ ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ‘ موجودہ اور سابق کھلاڑیوں نے ان کی حادثاتی موت پر گہر ے رنج وغم کا اظہا ر کر تے ہوئے ان کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ وسیم اکرم کاکہنا تھا کہ ہیوز کی موت کی خبر سن کو شدید دھچکا لگا۔ ایڈم گلکرسٹ کا کہنا تھا کہ فلپ ہیوز کی موت کی خبرکا یقین ہی نہیں آ رہا۔سچن ٹنڈولکر نے کہا کہ یہ کرکٹ کی تاریخ کا افسوسناک دن ہے۔ آئی سی سی نے بھی فلپ ہیوز کے انتقال پر غم کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے آسٹریلوی بلے باز فلپ ہیوز کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ شارجہ میں جاری تیسرے کرکٹ ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل آسٹریلوی بیٹسمین فلپ ہیوز کی موت کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا۔ کھیل ملتوی کرنے کا فیصلہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے کرکٹ بورڈز نے کیا۔ ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل اب آج ہو گا اور میچ اب پیر کو مکمل ہو گا۔ کرکٹ آسٹریلیا الیون اور بھارت کے درمیان دوسرا دو روزہ ٹور میچ منسوخ کر دیا گیا۔قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ فلپ ہیوز کی موت افسوس ناک واقعہ ہے، کرکٹ کی دنیا سوگ وار ہے، بائولرز کا جارحانہ رویہ اور انداز نہیں بدلے گا۔ سابق کپتان رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ فلپ ہیوز کو لگنے والی بال کا اتنا زیادہ اثر ہوگا سوچا بھی نہیں جا سکتا تھا۔ عبدالقادر کا کہنا تھا کہ کھیل میں چوٹیں لگتی رہتی ہیں افسوس کہ آسٹریلوی کھلاڑی باؤنسر لگنے سے جان کی بازی ہار گیا۔ سرفراز نواز کا کہنا تھا کہ بدقسمتی ہے کہ ایک باؤنسر کی وجہ سے کھلاڑی کی ہلاکت ہوئی، فلپ ہیوز کی فیملی کے ساتھ ہماری ہمدردیاں ہیں اﷲ صبر عطا کرے۔ سابق چیف سلیکٹر صلاح الدین صلو کا کہنا تھا کہ یہ ایسا واقعہ ہے جس کا افسوس ہی کیا جا سکتا ہے۔ ہیوز کو باؤنسر مارنے والا پیسر شان ایبٹ بھی ہوش کھو بیٹھا۔ ساتھی کرکٹر کی موت کی خبر نے شان ایبٹ کو صدمے سے دو چار کردیا، کرکٹ آسٹریلیا نے بھی فاسٹ بولر کی کونسلنگ کروانے کا فیصلہ کرلیا۔ آسٹریلوی کرکٹرز سمیت دنیا بھر کے ڈاکٹرز بھی ایبٹ کو اس صدمے سے نکالنے کیلئے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ شعیب اختر کا کہنا ہے کہ بہت افسوس ہوا ہے۔ ہیوز کی فیملی بہت تکلیف اور مشکل وقت گزار رہی ہو گی۔ عمر اکمل نے اسے کرکٹ کیلئے افسوسناک دن قرار دیا ہے۔ رانا نویدالحسن کا کہنا ہے کہ اپنے کیرئیر میں ایسا واقعہ نہیں دیکھا، بہت دکھ ہوا ہے۔ کرس گیل نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ افسوسناک خبر ہے۔ فلپ ہیوز تمہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈویلیئرز کا کہنا ہے کہ یہ دل توڑ دینے والی خبر ہے۔ کامران اکمل نے کہا ہے کہ یہ خوفناک خبر ہے۔ ہیوز کی فیملی سے پوری ہمدردی ہے۔ ویرات کوہلی نے کہا ہے کہ حیرت کن موت پر دکھی ہوں۔ وہاب ریاض کہتے ہیں کہ خبر سن کر بہت افسوس ہوا۔ روہت شرما کہتے ہیں دعائیں فلپ ہیوز کی فیملی کے ساتھ ہیں۔ میں ایبٹ کے لئے بھی دعاگو ہوں۔ عامر نذیر نے کہا ہے کہ فاسٹ باؤلر کبھی کسی کو زخمی کرکے خوش نہیں ہوتے۔ اظہر زیدی، خالد محمود، محمد صدیق، شاہد انور، ظہورالٰہی، خواجہ ندیم احمد اور محمد خلیل نے بھی دکھ کا اظہار کیا۔ پاکستان کے اوپننگ بیٹسمین احمد شہزاد کا کہنا ہے کہ ہیوز کی موت کرکٹ کا ایسا واقعہ ہے جسے دنیا کبھی فراموش نہیں کر سکے گی۔