کراچی: پرتشدد واقعات، دو افراد ہلاک، بنک ڈکیتی، تحریک طالبان کا کمانڈر گرفتار

Nov 28, 2014

 کراچی (کرائم رپورٹر + اے پی اے) کراچی میں جمعرات کو تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں دو افراد ہلاک اور چار زخمی ہوگئے۔ کورنگی کے علاقے ضیا کالونی میں نامعلوم افراد نے 55 سالہ شاہ جہاں بلوچ کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا  گیا۔ گلشن معمار میں ایک شخص کی لاش ملی اسے تشدد اور فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 40 سالہ عبدالوحید کی حیثیت سے ہوئی۔ نارتھ ناظم آباد میں ایک نوجوان 27 سالہ عطا اللہ کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا گیا جبکہ ڈیفنس فیز 8 میں 23 سالہ ماجد، 25 سالہ عطا اللہ  اور 24 سالہ عرفان فائرنگ سے زخمی ہوگئے۔ گلبہار میں پانچ ڈاکوئوں نے سونیری بنک سے 55 لاکھ روپے لوٹ لئے۔ ڈاکوئوں نے اسلحہ کے زور پر سکیورٹی گارڈز، بنک منیجر اور عملے کے افراد اور کھاتے داروں کو یرغمال بنایا اور 55 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔ علاوہ ازیں حساس اداروں اور سی آئی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم مہمند شبقدر تحریک طالبان کا اہم ترین کمانڈر گرفتار کر لیا۔انچارج سی آئی ڈی خرم وارث کا کہنا تھا کہ گرفتار دہشتگردکا نام تحسین اللہ اور یہ بم بنانے کا ماہر ہے۔ تحسین اللہ کئی اہم شخصیات کی ٹارگٹ کلنگ، اہم تنصیبات پر حملوں میں خیبر پی کے پولیس کو انتہائی مطلوب تھا۔گرفتار کرنے کے بعد اس اہم دہشت گرد کو خیبر پی کے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

مزیدخبریں