فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) جھنگ بازار کے علاقہ سے اغوا کے بعد قتل ہونیوالا بچہ سپردخاک کردیا گیا۔ پولیس نے اغوا کے مقدمہ میں قتل کی دفعات بھی شامل کرلیں۔ تفصیلات کے مطابق جھنگ بازار کے علاقہ محلہ سیف آباد صابریہ سراجیہ سکول کے رہائشی سبزی منڈی سدھار کے محنت کش قیصر فاروق کا 10 سالہ بیٹا سلمان 29 اکتوبر کو گھر سے باہر گیا اور غائب ہوگیا۔ والدین نے سات روز تک تلاش کے بعد پولیس سے رابطہ کیا تو پولیس نے 5 نومبر کو بچے کے اغوا کا مقدمہ درج کر لیا۔ متوفی بچے کے والد قیصر فاروق نے نوائے وقت کو بتایا کہ 22 نومبر بروز اتوار کو نامعلوم کال آئی کہ آپکا بیٹا خانیوال ہے۔ پیسے دیکر لے جاؤ جب ہم وہاں پہنچے تو اغوا کار نے عبداللہ پور فیصل آباد بلوایا پھر نمبر بند کر دیا پھر 25 نومبر کو ٹیلیفون آیا کہ پیسے لاہور بھجواؤ جو ہم نے ایزی پیسہ کروا دیئے۔ 26 نومبر کو ہمارے محلہ کی نکڑ پر بوری بند نعش مل گئی۔ جھنگ بازار پولیس نے نعش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی جسے گزشتہ روز سپردخاک کردیا گیا ہے جبکہ ہیومی سائیڈ انسپکٹر حمید نے تفتیش کرتے ہوئے کالز کا ڈیٹا نکلوایا تو ملزم سرگودھا کے علاقہ سلانوالی کا رہائشی نکلا ہے۔ تاحال پولیس ملزم کو پکڑنے میں ناکام ہے۔
فیصل آباد:مقتول مغوی بچے کی نعش پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے، سپردخاک
Nov 28, 2015