اسلام آباد(آن لائن )عام انتخابات 2018 ء میں ووٹ پولنگ کا طریقہ کار بائیومیٹرک سسٹم کرنے پر کام تیزی سے جاری ہے ۔ ضمنی انتحابات کے دوران چند قومی وصوبائی حلقوں میں بطور پائلٹ پراجیکٹ ٹیسٹ کیا جائے گا۔جلد رپورٹ الیکشن کمشن اور پارلیمنٹ کی الیکشن ریفارمز کمیٹی کو پیش کی جائے گی۔ حکومت کی طرف سے فراہم کردہ تفصیلات میں انکشاف ہوا ہے کہ الیکشن کمشن نے ملک بھر میں آئندہ عام انتحابات کے دوران بائیو میٹرک سسٹم متعارف کرانے کے لیے کام تندہی سے جاری ہے۔ الیکشن کمشن نے پہلے مرحلے میں پائلٹ ٹیسٹنگ کے انعقاد کے لیے 400 الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں اور 1000 بی وی ایم کی حصولی کا کام مکمل کر لیا ہے۔اب کنٹریکٹ دینے کا کام زیر کارروائی ہے جو الیکشن کمشن آف پاکستان کو سکیورٹی اداروں کی کلیئرنس ملنے کے بعد کمپنی کو دیا جائے گا، مشینوں کو چلانے اور عملے کو تربیت دینے کے لیے منتحب فرم/وینڈر الیکشن عملے کو تربیت دے گا اور اپنا علیحدہ تربیت یافتہ عملہ بھی تعینات کرے گا، ذرائع کے مطابق ان افراد کی بھی سکیورٹی ادارہ کلیئرنس دے گا۔ قومی وصوبائی اسمبلیوں یا لوکل گونمنٹ کونسلز کے انتحابات مذکورہ مشینوں کے ذریعے کرانے پر کام کیاجارہا ہے۔ ایک بار منتحب فرم / وینڈر کو کنٹریکٹ ملنے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مشینوں کی حوالگی کا کام آئندہ 10 سے 12 ہفتوں میں مکمل کر لیا جائے گا۔اس کے بعد ان مشینوں کو قومی یا صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں میں بطور پائلٹ پراجیکٹ ٹیسٹ کیا جائے گا۔ تفصیلات پی ٹی آئی نے طلب کی تھی۔