جھنگ (نامہ نگار) حلقہ پی پی 78 کے ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کے امیدوار حاجی سرفراز ربانی کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں شاہ کبیر جھنگ سٹی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکرسندھ اسمبلی شہلا رضا نے کہا کہ عوام غریب سے غریب تر ہوگئی‘ عوام کے حالات نہ بدلے لیکن تخت لاہور والے امیر سے امیر تر ہو گئے۔ اس موقع پر سابق امیدوار قومی اسمبلی پیرآغا طارق گیلانی، امیدوار پی پی 78سرفراز ربانی، چودھری ذوالفقار، سابق امیدوار ملک ظفر عباس ٹوانہ، نواز خان بلوچ، صفدر سلیم سیال، حاجی خان پٹھان سمیت مقامی قیادت اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شہلارضا نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی پارٹی ہے یہ لوگوں کے دلوں میں رہتی ہے اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں اب پارٹی نئے جوش و جذبے کا ساتھ میدان میں ہے‘ حکومت نے صرف اپنے مفادات کی خاطر اورنج ٹرین، سستی روٹی اور دانش سکول کے نام پر اربوں روپیہ برباد کیا جس کاعوام کو توکوئی فائدہ نہیں۔ چھ ماہ میں لوڈشیڈنگ ختم نہ کرنے پر اپنا نام بدلنے والے کا دعویٰ کرنے والوں کونام بدلنے کی ضرورت نہیںکیونکہ انکا نام شوباز ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو اپنے وزیر کو بھی مذمت کرنی چاہئے جو دہشت گردوں ساتھ لئے پھرتے ہیں۔